دیار غیر میں اوورسیز پاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، سفیر پاکستان ڈاکٹر ظفر اقبال

سفارتخانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کویت میں تقریب کا اہتمام

M.Irfan Shafiq محمد عرفان شفیق بدھ 6 اگست 2025 22:26

دیار غیر میں اوورسیز پاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ ..
کویت سٹی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 8 اگست 2025ء) یہ وہ تاریخ ہے جسے جنوبی ایشیا کی تاریخ میں ایک سیاہ دن کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔ اس دن بھارت کی بی جے پی حکومت نے ایک غیر قانونی اور ظالمانہ اقدام کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت، جو کہ بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اور 35A کے تحت حاصل تھی، کو ختم کر دیا۔ یہ اقدام نہ صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی تھا بلکہ یہ کشمیری عوام کے حقوق اور ان کے بنیادی انسانی حقوق پر بھی ایک سنگین حملہ تھا۔

اسی دن کی مناسبت سے سفارتخانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں سفیر پاکستان ڈاکٹر ظفر اقبال نے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ انہوں نے بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ قبضے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

(جاری ہے)

 انہوں نے کہا کہ یوم استحصال کشمیر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ مسئلہ کشمیر صرف ایک علاقائی تنازع نہیں ہے، بلکہ یہ انصاف، انسانی حقوق اور حق خود ارادیت کا مسئلہ ہے۔

بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں تاکہ وہاں کے اصل باشندوں کو اقلیت میں تبدیل کر دیا جائے، جو کہ ایک بین الاقوامی جرم ہے۔ بدقسمتی سے، عالمی برادری نے اس مسئلے پر ایک مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے، جو کہ کشمیری عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔ کمیونٹی ویلفئیر اتاشی حمزہ توقیر نے صدر مملکت، وزیراعظم پاکستان اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس صورتحال میں اوورسیز پاکستانی، پاکستانی قوم اور دنیا بھر کے حریت پسندوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں کی جدوجہد کو فراموش نہ کریں۔ یوم استحصال کشمیر کو منانے کا مقصد صرف احتجاج کرنا نہیں بلکہ یہ اس عزم کی تجدید ہے کہ جب تک کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت نہیں مل جاتا، ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔