عید الاضحی ہمیں ایثار، قربانی، محبت اور رواداری کا درس دیتی ہے‘ جے یو آئی

عید پرعوام اپنی خوشیوں میں غریبوں، مساکین اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کو شریک کریں

جمعرات 5 جون 2025 12:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2025ء) امیر جمعیت علما اسلام سٹی لاہور محمد افضل خان،جنرل سیکرٹری حافظ عرفان شجاع بٹ،سالا رمولانا محمد عمیر مہمند، ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا عبد الودود شاہد،صدر لائرز فورم لاہور محمدہاشم تہامی ایڈووکیٹ،صدر لائرز فورم سٹی لاہورفیضان شجاع بٹ ایڈووکیٹ،ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات قاری منظور الحسن چترالی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاہے کہ عید الاضحی ہمیں ایثار، قربانی، محبت اور رواداری کا درس دیتی ہے، عید پرعوام اپنی خوشیوں میں غریبوں، مساکین اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کو شریک کریں ،عید الاضحی پرقربان کا اصل مقصد اپنے خالق و مالک کیلئے ہر طرح کی قربانی دینے کیلئے تیار رہنا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ عید الاضحی ہمیں حضرت ابراہیم کی عظیم قربانی کی یاد دلاتی ہے جنہوں نے اللہ تعالی کی رضا اور خوشنودی کی خاطر اپنے پیارے بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام کو قربان کرنے کا ارادہ کیا۔

(جاری ہے)

حضور اکرمﷺکا اسوہ حسنہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے اور ہماری بخشش کا ذریعہ ہے قربانی کا جذبہ ایمان کو مضبوط کرتا ہے عید الاضحی کے موقع پر غریب مسکین اور یتیموں کا خصوصی خیال رکھنے سے سے ہی قربانی کا مقصد حل ہو گا۔

عید الاضحی کے موقع پر پوری قوم کو اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ ہم ذاتی مفاد، اور دنیاوی لالچ کی بجائے محبت، ایثار اور رواداری سے سرشار ہو کر اپنے ارد گرد کے ضرورت مندوں اور بے سہارا لوگوں کی مدد کریں اور عید کے اس پر مسرت موقع پر انکو اپنی خوشیوں میں شامل کریں۔ انہوں نے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ہمیں جذبہ ابراہیمی پر عمل پیرا ہونے اور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی خاطر آپس کے سیاسی اختلافات کو بھلا کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔