Live Updates

مقبوضہ جموںوکشمیر : تلاشی کی کارروائیوں، غیر قانونی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری

جمعرات 5 جون 2025 19:37

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فوجیوں اور ایجنسیوں نے مختلف اضلاع میں گھروں پر چھاپوں اور تلاشیوں کی تازہ لہر شروع کر دی ہے جس سے کشمیریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی(این آئی اے) کی ٹیموں نے بھارتی پیرا ملٹری اور پولیس اہلکاروں کے ہمراہ پلوامہ، کولگام، شوپیاں، بارہمولہ اور کپواڑہ اضلاع میں چھاپے مارے۔

بھارتی فورسز نے ضلع پونچھ میں بھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں۔ فورسز اہلکاروں نے اس دوران کئی شہریوں کو گرفتار کرکے تفتیشی مراکز میں منتقل کر دیا ۔یاد رہے کہ قابض بھارتی فورسز نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں آزادی پسند کشمیریوں کے خلاف جبر و استبداد کی کارروائیوں میں تیزی لائی ہے۔

(جاری ہے)

محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے۔

پہلگام آپریشن کے بعد سے اب تک 3ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے جن میں زیادہ تر نوجوان شامل ہیں۔دریں اثنا انتظامیہ نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے کل کے مقبوضہ علاقے کے دورے سے قبل علاقے میں پابندیاں مزید سخت کر دی ہیں۔نریندر مودی ضلع ریاسی میں چناب ریلوے پل کا افتتاح کریں گے ۔ سینٹرل ریزروپولیس فورس کے اہلکاروں سمیت بھارتی فورسز کی اضافی نفری کو سرینگر ، بانیہال اور کٹرا سمیت اہم علاقوں میں تعینات کردیا گیا ہے۔

جموں شہرمیں بھی حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیئے گئے ہیں ،اہم مقامات کی ڈرون کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے۔ادھر نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما اور سری نگر سے بھارتی پارلیمنٹ کے رکن آغا سید روح اللہ مہدی نے ہندوتوا گروپوں کی طرف سے بھارت بھر میں کشمیریوں کے خلاف نفرت اور دشمنی کے جذبات بھڑکانے پرہندوتوا تنظیموں پر کڑی تنقید کی۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس ایک منظم طریقے سے کشمیریوں کے خلاف نفرت کو ہوا دے رہی ہیں۔روح اللہ مہدی نے دہرادون، نئی دلی اور چندی گڑھ میں کشمیریوں پر حملوں اور انہیں ہراساں کئے جانے کے حالیہ واقعات کاحوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ان حملوں کا مقصد کشمیریوں کو تنہا کرناہے ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات