Live Updates

عالمی بینک نے غربت کا پیمانہ تبدیل کردیا، پاکستان میں 44.7 فیصد آبادی غربت کا شکار

یومیہ آمدن کی حد 3.65 ڈالر سے بڑھا کر 4.20 ڈالر مقرر ،یومیہ 1200 روپے سے کم کمانے والے غریب کہلائیں گے نئی تعریف کے تحت پاکستان کی 16.5 فیصد آبادی 3 کروڑ 98 لاکھ سے زائد افراد، انتہائی غربت کا شکار ہیں‘ رپورٹ

جمعرات 5 جون 2025 20:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2025ء)عالمی بینک نے دنیا بھر میں غربت کی پیمائش کے پیمانے کو تبدیل کرتے ہوئے نئی حدود متعین کردی ہیں۔عالمی بینک کے مطابق پاکستان سمیت لوئر مڈل انکم ممالک کے لیے غربت کی یومیہ آمدن کی حد 3.65 ڈالر سے بڑھا کر 4.20 ڈالر مقرر کی گئی ہے اور نئے معیار کے مطابق پاکستان کی 44.7 فیصد آبادی یعنی 10 کروڑ 79 لاکھ 50 ہزار افراد غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔

پرانے معیار 3.65 ڈالر یومیہ کے تحت یہ شرح 39.8 فیصد تھی۔پاکستان میں یومیہ 1200 روپے سے کم کمانے والے افراد اب غریب تصور ہوں گے تاہم رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ پیمانے کی تبدیلی سے لوگوں کے معیار زندگی پر کوئی براہ راست اثر نہیں پڑے گا۔غربت کی پیمائش کے لیے نئی مردم شماری کے بجائے 2018-19 کا پرانا ڈیٹا استعمال کیا گیا کیونکہ حکومت پاکستان نے تاحال نئی مردم شماری کے نتائج فراہم نہیں کیے۔

(جاری ہے)

عالمی بینک نے انتہائی غربت کی پیمائش کیلئے یومیہ آمدن کی حد 2.15 ڈالر سے بڑھا کر 3 ڈالر فی کس مقرر کی ہے اور اس نئی تعریف کے تحت پاکستان کی 16.5 فیصد آبادی یعنی 3 کروڑ 98 لاکھ سے زائد افراد، انتہائی غربت کا شکار ہیں۔اپر مڈل انکم ممالک کے لیے غربت کی پیمائش کا معیار 6.85 ڈالر سے بڑھا کر 8.30 ڈالر یومیہ مقرر کیا گیا ہے اور اس معیار کے مطابق پاکستان کی 88.4 فیصد آبادی اس حد سے نیچے ہے جو ملک کی معاشی صورتحال کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے۔

عالمی بینک نے پاکستان کو نچلے درمیانے آمدن والے ممالک کی فہرست میں شامل کیا ہے۔رپورٹ میں نشاندہی کی گئی کہ معاشی عدم استحکام، مہنگائی، سیلاب اور دیگر بحرانوں نے غربت میں اضافے کو جنم دیا ہے جبکہ 2023 کے بدترین سیلاب نے زرعی پیداوار اور انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچایا جس سے غربت کی شرح میں اضافہ ہوا۔عالمی بینک نے زور دیا کہ غربت کے خاتمے کے لیے پاکستان کو انسانی وسائل میں سرمایہ کاری، تعلیم، صحت، اور روزگار کے مواقع بڑھانے کی ضرورت ہے تاہم، نئی مردم شماری کے فقدان نے اعداد و شمار کی درستگی پر سوالات اٹھائے ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات