صوبائی وزیر قانون کی سنٹرل پولیس آفس آمد، پولیس شہدا کے اہلخانہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت

جمعرات 5 جون 2025 23:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2025ء) صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا اور پولیس شہدا کی فیملیز کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ صوبائی وزیر قانون نے 7 پولیس شہدا کی فیملیز میں نئے گھروں کی چابیاں تقسیم کیں۔ ملک صہیب احمد بھرتھ نے 2017 سے قبل کے 11پولیس شہدا کے اہلخانہ کو گھروں کی تعمیر کیلئے امدادی رقوم کے چیک تقسیم کیے۔

صوبائی وزیر نے دو پولیس شہدا کے ہونہار بچوں کو برطانیہ میں اعلی تعلیم کیلئے 35لاکھ روپے فارن سکالر شپس کے چیک بھی دئیے۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبائی وزیر کو شہدا پولیس کے اہلخانہ اور بچوں کیلئے کئے جا رہے ویلفیئر اقدامات بارے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

شہدا پولیس کے اہلخانہ، بچوں کو پلاٹس، اپنی چھت، علاج معالجے اور اعلی تعلیم کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ شہریوں کے تحفظ کیلئے سینوں پر گولیاں کھانے والے پولیس شہدا وزیر اعلی پنجاب کے دل کے انتہائی قریب ہیں۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نوازکی ہدایت پر شہدا پولیس کے اہلخانہ کیلئے تاریخی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر شہدا پولیس کیلئے پیکج تھری کو مزید بہتر بنا رہے ہیں۔ دنیا کی قیمتی ترین شے بھی شہدا کی قربانیوں کا مداوا نہیں کر سکتی۔

وزیر اعلی پنجاب اور تمام صوبائی وزرا شہدا پولیس کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ صوبائی وزیر قانون نے شہد ا سمیت پولیس فورس اور انکے اہلخانہ کی فقید المثال ویلفیئر پر آئی جی پنجاب اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ صوبائی وزیر قانون نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس کے 1683شہدا، 2163غازیوں کی عظیم قربانیوں کی بدولت آج کا پنجاب زیادہ محفوظ اور جرائم سے پاک ہے۔

صوبائی وزیر نے شہدا کے اہلخانہ کیلئے گھروں کی خریداری کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی لیڈر شپ اور وزیر قانون کی سپورٹ سے شہدا پیکج میں واضح بہتری آئی ہے۔ صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ شہدا پیکج کے تحت گھروں کی خریداری کیلئے 54لاکھ روپے فی کس کا خطیر اضافہ کیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ شہدا کے بچوں کو پاکستان کے معروف تعلیمی اداروں میں مفت تعلیم، فارن سکالرشپس اور لیپ ٹاپس دیئے جا رہے ہیں۔2017 سے قبل کے 712 شہدا پولیس کی فیملیز کو پلاٹس فراہم کیے جاچکے ہیں۔ پلاٹوں پر گھروں کی تعمیر کیلئے شہدا کے مستحق اہلخانہ کو 25 لاکھ روپے فی کس بھی دیئے جاتے ہیں۔