پاکستان کی عید پربیروت اور لبنان پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت

اقوام متحدہ اور ثالث ممالک سے اسرائیلی جارحیت کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ

جمعہ 6 جون 2025 21:45

پاکستان کی عید پربیروت اور لبنان پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2025ء)پاکستان نے اسرائیلی افواج کی بیروت سمیت لبنان کے دیگر علاقوں پر فضائی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور ثالث ممالک سے اسرائیلی جارحیت کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

(جاری ہے)

دفتر خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عیدالاضحیٰ کی شب جنوبی بیروت اور جنوبی لبنان کے علاقوں پر فضائی حملے بین الاقوامی قانون اور لبنان کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی حملے نومبر 2024ء کی جنگ بندی کی کھلی خلاف ورزی ہیں، بیقابو طاقت کے استعمال سے شہری جانوں کو خطرہ ہے اور علاقائی استحکام بھی متاثر ہو رہا ہے۔ پاکستان نے مشکل وقت میں لبنانی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور مزید کشیدگی کو روکنے اور قابض افواج کو جوابدہ بنانے کے لیے فوری اقدامات کرنے پر زور دیا۔