Live Updates

عیدالاضحیٰ ایثار، قربانی، اخوت اور بھائی چارے کے جذبے کو اجاگر کرنے کا دن ہے، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال

ہفتہ 7 جون 2025 14:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2025ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ ایثار، قربانی، اخوت اور بھائی چارے کے جذبے کو اجاگر کرنے کا دن ہے، معاشرے کے نادار، بیمار، کمزور اور محروم طبقات کا خیال رکھنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے، ہمیں محبت، برداشت، بھائی چارے اور یکجہتی کو فروغ دے کر قومی ترقی کا سفر جاری رکھنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے عید الاضحیٰ 1446ھ کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے عیدالاضحیٰ کے پُرمسرت موقع پر پوری پاکستانی قوم اور امتِ مسلمہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ ایثار، قربانی، اخوت اور بھائی چارے کے جذبے کو اجاگر کرنے کا دن ہے،یہ دن حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی اطاعت، قربانی اور اللہ کی رضا میں سرِتسلیم خم کرنے کی یاد دلاتا ہے، قربانی کا جذبہ ہمیں سکھاتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے ہر قسم کی ذاتی خواہش کو قربان کرنا اعلیٰ ترین عمل ہے۔

(جاری ہے)

احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ حضرت ابراہیمؑ کے جذبۂ ایثار کو اپنی زندگیوں میں اپنائیں اور اپنے کردار و عمل سے معاشرے میں بہتری لائیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے نادار، بیمار، کمزور اور محروم طبقات کا خیال رکھنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے، ہمیں محبت، برداشت، بھائی چارے اور یکجہتی کو فروغ دے کر قومی ترقی کا سفر جاری رکھنا ہے، ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہوکر پاکستان کو ایک خوشحال اور مضبوط ملک بنائیں گے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ بطور قوم ہمیں نفرت، تعصب اور تقسیم سے بالاتر ہوکر ایک متحد قوم کے طور پر آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہماری قربانیوں کو قبول فرمائے اور وطنِ عزیز کو امن، ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات