
ْوزیر اعظم کے عید الاضحی کے موقع پر اسلامی ممالک کے سربراہوںسے رابطے ،عید کی مبارکباد دی
خطے کی صورتحال ،پاک بھارت بحران ،غزہ کی تشویشناک صورتحال سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا،رابطے بڑھانے پر اتفاق وزیر اعظم نے پاک ،بھارت بڑھتی ہوئی حالیہ کشیدگی کو کم کرنے میں متحرک سفارتکاری اور تعمیری کردار پر رہنمائوں کا شکریہ ادا کیا امریکہ و دوست ممالک کی ثالثی سے جنگ بندی کی پیشکش امن کے جذبے کے تحت قبول کی‘ وزیر اعظم شہباز شریف کی گفتگو پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا کی سہولت میں نرمی کرنے پر کویت کی قیادت کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا،رہنمائوں کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی
پیر 9 جون 2025 11:15
(جاری ہے)
اس اقدام نے پاکستانیوں کے دل جیت لئے اور پاک ترک بھائی چارے کی تاریخ میں ایک اور شاندار باب کا اضافہ کیا۔دونوں رہنمائوں نے اپنی گزشتہ ملاقاتوں کے دوران کیے گئے اہم فیصلوں پر تیزی سے عملدرآمد پر بھی اتفاق کیا۔
اس سے دوطرفہ تعاون بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں تیزی لانے میں مدد ملے گی۔ دونوں رہنمائوں نے بنیادی مفادات پر ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنمائوں نے غزہ کی صورتحال سمیت تازہ ترین علاقائی اور عالمی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ صدر اردوان نے عید الاضحی کے موقع پر نیک خواہشات کے لئے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی عوام کے لیے بھی خیر خواہی کے جذبات کا اظہار کیا۔ انہوں نے تمام اہم معاملات میں پاکستان کے لئے ترکیہ کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے ایرانی صدر کے ساتھ ساتھ ایران کے برادر عوام کو عید کی مبارکباد دی۔ انہوں نے رہبر آیت اللہ علی خامنہ ای کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ تہران کے اپنے حالیہ دورہ کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنمائوں نے علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا جس میں حالیہ پاک بھارت بحران کے ساتھ ساتھ غزہ کی تشویشناک صورتحال بھی شامل ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے صدر پیزشکیان کو پاکستان کا سرکاری دورہ کی دعوت دی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سلطنت عمان کے سلطان ھیثم بن طارق سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور سلطان ھیثم اور عمان کے برادر عوام کو عید کی مبارکباد پیش کی۔ دونوں رہنمائوں نے امت مسلمہ کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے غزہ کے عوام کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ بحران کے دوران عمان کے موقف پر سلطان کا شکریہ ادا کیا اور کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے لیے ان کی حمایت کو سراہا۔ پاکستان اور عمان کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے سلطنت عمان کے ساتھ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے عمان کے سلطان کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کے لیے اپنی دعوت کا اعادہ کیا۔ سلطان ہیثم نے دعوت قبول کرتے ہوئے وزیراعظم کو بھی عمان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی۔ دونوں دورے باہمی طور پر سفارتی ذرائع سے مناسب تاریخوں پر ہوں گے۔وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشین ہم منصب انور ابراہیم اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمن سے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور انہیںعیدالاضحی کی مبارکباد دی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشین وزیر اعظم سے رابطے میں ملائیشیاء کی عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے تاجک صدر امام علی رحمن اور عوام کو بھی عیدالاضحی کی مبارکباد دی۔ دوشنبے کے حالیہ دورے میں پرتپاک میزبانی پر وزیراعظم نے تاجک صدر سے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کے لئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ و دوست ممالک کی ثالثی سے جنگ بندی کی پیشکش امن کے جذبے کے تحت قبول کی۔ دورانِ گفتگو تاجک صدر نے پاکستان کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کاامیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے بھی ٹیلی فونک رابطہ ہوا اور عید الاضحی کے موقع پر قطر کے امیر اور قطر کی عوام کو پرتپاک مبارکباد پیش کی اور ان سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی حالیہ کشیدگی کو کم کرنے میں قطر کی متحرک سفارتکاری اور تعمیری کردار پر امیر قطر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بحران کے عروج پر وزیر اعظم سے ٹیلی فون پر بات کرنے کے ساتھ ساتھ قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے کردار کو بھی سراہا۔دونوں رہنمائوں نے خاص طور پر باہمی طور پر فائدہ مند تجارت اور سرمایہ کاری کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بڑھانے کی اپنی مشترکہ خواہش کا اعادہ کیا۔ امیر قطر نے وزیر اعظم کی عید کی مبارکباد کا گرمجوشی سے جواب دیا اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں رہنمائوں نے رابطے میں رہنے اور جلد از جلد ایک دوسرے سے ملنے پر اتفاق کیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بحرین کے بادشاہ شاہ حمد بن عیسی الخلیفہ سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا اور بحرین کی قیادت اور عوام کو عید کی مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں رہنمائوں نے اپنی گفتگو کے دوران امت کی صفوں میں امن اور اتحاد کے لیے دعا کی اور غزہ کے عوام کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ وزیراعظم نے حالیہ پاک بھارت بحران کے دوران بحرین کے متوازن موقف اور جنوبی ایشیا ء میں تحمل، کشیدگی میں کمی اور امن کے مطالبے پر بحرین کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے اور گہرا کرنے کے بے پناہ امکانات ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے شاہ حمد بن عیسی الخلیفہ کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔ شاہ حمد نے وزیر اعظم کی عید کی مبارکباد کا انتہائی گرمجوشی سے جواب دیا اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ازبکستان کے صدر شوکت مرضیوف سے بھی ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ وزیراعظم نے ازبک صدر کے ساتھ ساتھ ازبکستان کے عوام کو عید الاضحی کی مبارکباد دی اور امت کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ پاک بھارت بحران کے دوران متوازن موقف پر ازبکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے۔ دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور تمام شعبوں بالخصوص علاقائی رابطوں میں تعاون بڑھانے کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا جو دونوں ممالک کی ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ صدر شوکت مرضیوف کے پاکستان کے سرکاری دورے کے منتظر ہیں۔ دونوں رہنماں نے کثیرالجہتی فورمز بالخصوص ای سی او اور ایس سی او میں دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ صدر میرضیوف نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور انہیں اور پاکستانی عوام کو عید کی مبارکباد دی۔ انہوں نے خطے میں امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف اور اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم ابن الحسین نے عید الاضحی کے موقع پر ایک دوسرے کو ٹیلیفون پر مبارکباد دی۔وزیر اعظم نے دو ماہ قبل عید الفطر کے موقع پر شاہ عبداللہ دوم کے ساتھ اپنی ٹیلی فونک گفتگو کا ذکر کیا اور پاکستان کی اردن کی مملکت کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنمائوں نے حالیہ پاک بھارت بحران پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعظم نے شاہ عبداللہ دوم کو پاکستان کے نقطہ نظر کے ساتھ ساتھ خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے غزہ میں جاری صورتحال بالخصوص فلسطینی عوام کے لیے انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم نے شاہ عبداللہ دوم کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کے لیے اپنی انتہائی پرخلوص دعوت کا اعادہ کیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح کو بھی ٹیلیفون کر کے عید الاضحی کی مبارکباد دی ۔ گفتگو کے دوران وزیراعظم نے کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کے ساتھ ساتھ کویت کے برادر عوام کو تہہ دل سے عید کی مبارکباد پیش کی۔ دونوں رہنمائوں نے امت مسلمہ کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔وزیراعظم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران امن اور مذاکرات کی حمایت میں کویت کے مضبوط اور متوازن موقف پر کویت کے ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن کا خواہاں ہے۔ عید الفطر کے موقع پر ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے ولی عہد کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کے لیے اپنی انتہائی پرخلوص دعوت کا اعادہ کیا جسے ولی عہد کویت نے قبول کر لیا۔وزیراعظم نے دوطرفہ اقتصادی، سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا کی سہولت میں نرمی کرنے پر کویت کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا، جس سے کویت کو ہنرمند افرادی قوت کی درآمد کے ساتھ ساتھ عوام کے عوام کے ساتھ تعلقات بڑھانے میں مدد ملے گی۔صباح الخالد الحمد المبارک الصباح نے وزیر اعظم کی عید کی مبارکباد کا گرمجوشی سے جواب دیا اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کویت میں پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور عیدالاضحی کی مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے مصر کی قیادت، حکومت اور عوام کو عید کی مبارکباد دی۔وزیر ا عظم نے حالیہ پاک بھارت بحران کے دوران مصر کے تعمیری کردار اور امن کی کوششوں کو سراہا۔ اس دوران مشرق وسطی کی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ڈی ایٹ سربراہی اجلاس کے لیے گزشتہ سال دسمبر میں اپنے دورہ قاہرہ کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں مصر کے ساتھ اپنے موجودہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط اور وسعت دینے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان مصر کے ساتھ کئی شعبوں بشمول تجارت ، سرمایہ کاری اور صحت میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کا خواہاں ہے ۔مصرکے صدر نے وزیراعظم کی عید الاضحی کی مبارکباد کا گرمجوشی سے جواب دیا اور اس پرمسرت موقع پر پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا اور جنوبی ایشیا میں امن کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے جمہوریہ قازقستان کے صدر قاسم جومارٹ توکائیف کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کی اور انہیں اور قازقستان کے برادر عوام کو عید الاضحی' کی مبارکباد پیش کی۔ دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال کے علاوہ آنے والی مصروفیات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دوطرفہ تعلقات میں مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں لیڈران نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو اپنی مکمل صلاحیت کے مطابق وسیع کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔حالیہ پاک بھارت بحران پر بھی گفتگو ہوئی اور انہوں نے صدر کو خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ اس سال کے آخر میں قازقستان صدر کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں جس کے دوران کئی مفاہمتی یاداشتوں اور معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔قازقستان کے صدر نے عید کی مبارکباد پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی عوام کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ وہ اس سال کے آخر میں پاکستان کا دورہ کریں گے لیکن ان کے دورے سے پہلے آئندہ ماہ کے اوائل میں قازقستان کے وزیر خارجہ بھی پاکستان کا دورہ کریں گے۔ دونوں رہنمائوں کی آئندہ ای سی او اور ایس سی او سربراہی اجلاس کے دوران ملاقات بھی متوقع ہے۔
مزید اہم خبریں
-
اسرائیل کا ایرانی شہر بوشہر پر فضائی حملہ،جنوبی پارس گیس فیلڈ پر بمباری
-
عمران خان کی مشاورت کے بغیر وزیراعلیٰ علی امین بجٹ منظور نہیں کریں گے
-
سیاسی، فوجی اور اقتصادی محاذوں پر اسلامی ممالک کی مشترکہ حکمت عملی وقت کا تقاضا ہے
-
کون سی قوتیں ہیں جو اقتدار تک عوام کی رسائی کو روکتے ہیں؟
-
خیبرپختونخوا حکومت نے تعلیمی بجٹ میں 11 فیصد اضافہ کردیا
-
اسرائیل اور ایران کے مابین تنازعے میں امریکہ کہاں کھڑا ہے؟
-
یوکرین کو ایک ہفتے میں روس سے 36 سو لاشیں موصول
-
بجٹ میں مراعات یافتہ طبقہ کو نوازا گیا جبکہ عوام کو چاروں طرف سے گھیر کر مارا گیا ہے
-
حکومت پاکستان ایران کی حمایت میں اقدامات اٹھائے
-
مسلح افواج کے افسران کو بنیادی تنخواہ کا 50 فیصد خصوصی ریلیف الاؤنس دینے کا فیصلہ
-
وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے ٹیلی فون پر گفتگو
-
وزیر اعظم شہباز شریف سے خواجہ سعد رفیق کی ملاقات، ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.