وفاقی وزیر داخلہ کا لکی مروت، کوٹ کشمیر میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں شہید پولیس اہلکار کو خراج عقیدت

پیر 9 جون 2025 14:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2025ء) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لکی مروت کے علاقے کوٹ کشمیر میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں شہید پولیس اہلکار شاہد خان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید اہلکار شاہد خان نے فرض کی راہ میں جان نچھاور کرکے اعلی مثال قائم کی، ان کی لازوال قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

ترجمان وزارت داخلہ کی طرف سے پیر کو جاری بیان میں وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید پولیس اہلکار شاہد خان کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ نے کہا کہ شہید پولیس اہلکار شاہد خان نے بہادری کےساتھ خوارجی دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور فرض کی راہ میں جان نچھاور کرکے اعلی مثال قائم کی۔محسن نقوی نے کہا کہ پولیس اہلکار شاہد خان کی لازوال قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس نے کارروائی کے دوران 3 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرکے خوارجیوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔ محسن نقوی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس خوارجی دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے، کے پی کے پولیس کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔