پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جامع منصوبہ بندی کے باعث عید پرامن گزری، وزیر داخلہ محسن نقوی

پیر 9 جون 2025 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2025ء) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مستعدی، جانفشانی اور پیشہ وارانہ صلاحیتیں بے مثال رہیں۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جامع منصوبہ بندی کے باعث عید پرامن گزری، اسلام آباد میں 3 روز میں 2012 ٹن ریکارڈ آلائشیں و ویسٹ کو دیہی و شہری علاقوں سے اٹھایا گیا ، سی ڈی اے اور پولیس ٹیموں کو شاباش اور شہریوں کا شکریہ جن کے تعاون سے یہ ممکن ہوا۔

وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان میں وزیر داخلہ نے کہا کہ سی ڈی اے کی ٹیموں نے آلائشوں اور ویسٹ کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگایا اور پہلی مرتبہ ڈرونز کے ذریعے صفائی آپریشن کی موثر مانیٹرنگ کی گئی جس پر وزیر داخلہ نے تعریفی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ ویلڈن سی ڈی اے و اسلام آباد پولیس اور شہریوں کا شکریہ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عید الاضحیٰ پر اسلام آباد میں زیرو ویسٹ آپریشن یقینی بنانے پر سی ڈی اے کی ستائش کی جبکہ شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کیلئے فول پروف انتظامات پر اسلام آباد پولیس کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے صفائی انتظامات میں بے پناہ تعاون پر شہریوں سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ عید کے تینوں روز پورے اسلام آباد میں صفائی کے بہترین انتظامات کئے گئے۔ محسن نقوی نے کہا کہ مثالی صفائی پر سی ڈی اے، ضلعی انتظامیہ اور سالڈ ویسٹ کی فیلڈ ٹیمیں مبارکباد کی مستحق ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ آلائشیں بروقت اٹھا کر مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لئے پوری ٹیم نے انتھک محنت سے کام کیا، پوری ٹیم نے عید کے تینوں دن خدمت کو عبادت سمجھ کر فرائض سرانجام دیئے۔

محسن نقوی نے کہا کہ شہری شکایات پر فوری ایکشن کے ذریعے بہترین گورننس کی مثال قائم کی گئی، شہریوں کا اداروں سے بے پناہ تعاون مثالی صفائی مہم کی کامیابی بنا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ عید پرامن گزری اور شہریوں نے محفوظ ماحول میں سنت ابراہیمی ادا کی اور عید کی خوشیاں منائیں، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مستعدی، جانفشانی اور پیشہ وارانہ صلاحیتیں بے مثال رہیں، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جامع منصوبہ بندی کے باعث عید پرامن گزری۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ میں مصروف جوانوں کی فرض شناسی اور جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں۔