عید شو میں رینجرز اہلکاروں کی گانا گانے کی ویڈیو وائرل

بدھ 11 جون 2025 19:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2025ء) رینجرز اہلکاروں کی جانب سے عید الاضحیٰ کے موقع پر مزاحیہ ٹی وی شو میں مشہور ڈرامے ’عشق مرشد‘ کا ٹائٹل گانا گانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔عید الاضحی کے موقع پر ایک ٹی وی شو پاکستان کی مسلح افواج اور رینجرز اہلکاروں کے ساتھ پیش کیا گیا جس میں فوجی اور رینجرز اہلکاروں نے ہلکی پھلکی باتیں کیں۔

طویل پروگرام کو دو حصوں میں نشر کیا گیا، جس میں فوج کے میجر اور کیپٹن رینک کے افسران بھی شریک ہوئے۔پروگرام کی متعدد ویڈیو کلپ وائرل ہوگئیں جس پر صارفین نے دلچسپ تبصرے بھی کیے۔پروگرام کے دوران ایک کیپٹن نے بتایا کہ فوج میں جب بھی کسی اہلکار کو کیپٹن کا رینک دیا جاتا ہے تو عام طور پر اس شخص کے ساتھ مذاق کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنا واقعہ بتایا کہ جب وہ کیپٹن بننے جا رہے تھے، تب ان کے پورے یونٹ نے مل کر ان کے ساتھ مذاق کیا اور ان سے موبائل چھین کر ان پر فوجی قوانین کی خلاف ورزیوں کا الزام لگا کر انہیں پریشان کیا گیا،ان کے مطابق انہیں دو دن تک ایک کمرے میں محدود کیا گیا، انہیں فوج کے ہیڈکوارٹر کے جعلی خط بھی دکھائے گئے، جن میں انہیں گرفتار کرنے کے احکامات درج تھے۔

اسی طرح پروگرام میں ایک افسر نے بتایا کہ عام طور پر فوجی یونٹس میں کسی کی شادی کی بات پکی ہونے، سالگرہ کا دن آنے یا کسی کے ہاں اولاد ہونے کی خوشی بھی منائی جاتی ہے، سب مل کر رقص کرنے سمیت ایک دوسرے سے لڑائی بھی کرتے ہیں۔پروگرام کے میزبان تابش ہاشمی کی ایک مختصر کلپ بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں وہ بتاتے ہیں کہ وہ فوج کے درمیان ہیں تاہم اچھی بات یہ ہے کہ وہ اپنی مرضی سے فوج کے درمیان ہیں۔

پروگرام کے دوران پنجاب رینجرز سے تعلق رکھنے والے دو اہلکاروں نے گانا بھی سنایا، جس پر شائقین نے انہیں خوب داد دی جبکہ ان کی ویڈیو وائرل ہونے پر صارفین نے بھی ان کی تعریفیں کیں۔رینجرز اہلکاروں نے مقبول ڈرامے ’عشق مرشد‘ کے ٹائٹل گانے کو گایا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین نے بھی اہلکاروں کی تعریفیں کیں۔