Live Updates

ملاکنڈ ٹریڈ فیڈریشن نے ڈویژن کی آئینی حیثیت کے خلاف اقدامات مسترد کردیئے، احتجاج کی دھمکی

خام مال پر 10 فیصد سیلز ٹیکس کا نفاذ ناقابل قبول، احتجاجی تحریک چلائیں گے،صدر عبدالرحیم

بدھ 11 جون 2025 20:35

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2025ء)ملاکنڈ ڈویژن ٹریڈرزفیڈریشن کے صدر عبدالرحیم نے وفاقی حکومت کی جانب سے خطے میں خام مال پر 10 فیصد سیلز ٹیکس کے نفاذ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے ملاکنڈ ڈویژن کی آئینی و جداگانہ حیثیت ختم کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔بجٹ پر اپنے ردعمل میں صدرعبدالرحیم نے کہاکہ حکومت کا یہ اقدام نہ صرف آئین پاکستان کے خلاف ہے بلکہ یہاں کے پسماندہ اور دہشت گردی سے متاثرہ عوام کے ساتھ سراسر زیادتی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ آئین پاکستان کی روسے ملاکنڈ ڈویژن (سابق پاٹا)کو ایک مخصوص آئینی حیثیت حاصل ہے، مگر بدقسمتی سے سرتاج عزیز کمیشن میں اس کا ذکر نہ ہونے کے باوجود مقامی عوامی نمائندوں کی نااہلی کی وجہ سے اس خطے کے حقوق پر کاری ضرب لگائی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

تاجر برادری نے واضح کیا کہ خام مال پر سیلز ٹیکس لاگو کرنا دراصل یہاں کی صنعتوں کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہے، اور اگر حکومت نے یہ فیصلہ واپس نہ لیا تو بہت جلد تاجربرادری سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی اور عوام کو اعتماد میں لے کر بھرپور احتجاجی تحریک کا آغاز کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن کے عوام پہلے ہی دہشت گردی، قدرتی آفات اور بنیادی سہولیات کی کمی جیسے مسائل سے دوچار ہیں، ایسے میں ٹیکس کا نفاذ یہاں کے کاروبار، روزگار اور مقامی معیشت کو مکمل تباہ کر دے گا۔اانہوں نے حکومت وقت کو خبردار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ملاکنڈ ڈویژن کو ٹیکس نیٹ سے مستثنی قرار دیا جائے اور اس کی آئینی حیثیت کا احترام کیا جائے، بصورت دیگر خطے بھر میں پرامن مگر موثر احتجاج ناگزیر ہو گا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات