Live Updates

بلاول بھٹو کی قیادت میں سفارتی وفد نے دنیا کے سامنے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا‘ سردار سلیم حیدر خان

پاک فضائیہ کے جوانوں نے بھارت میں گھس کر ان کو مارا،پوری قوم کو اپنی پاک فواج پر فخر ہے‘ گورنر پنجاب

بدھ 11 جون 2025 21:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2025ء)گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ بلاول بھٹو کی قیادت میں سفارتی وفد نے دنیا کے سامنے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا۔پاک فضائیہ کے جوانوں نے بھارت میں گھس کر ان کو مارا۔پوری قوم کو اپنی پاک فواج پر فخر ہے۔پیپلز پارٹی ہمیشہ پسے ہوئے طبقے کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج جہلم میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں اور مغل برادری کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

قبل ازیں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی آمد پرپارٹی کارکنان اور مغل برادری نے ان کا بھر پور استقبال کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ جہلم سمیت پورے پنجاب میں پیپلزپارٹی کے کارکنان اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر پیپلزپارٹی کے کسی ورکر کے ساتھ زیادتی ہوئی تو میں اس کے ساتھ کھڑا ہوں گا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ بلاول بھٹو کی قیادت میں پاکستانی سفارتی وفد نے دنیا کے سامنے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ سرکاری ملازمین، مزدوروں ،کسانوں اور کاشتکاروں کا خیال رکھا۔گورنرپنجاب نے کہا کہ وہ جو بھارت ہے کہہ رہا تھا کہ ہم پاکستان کو گھس کر ماریں گے لیکن ہمارے پاک فضائیہ کے جوانوں نے بھارت کو بھارت میں ہی گھس کر مارا۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو اپنی پاک افواج پر فخر ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل عاصم منیر خراج تحسین کے مستحق ہیں جنہوں نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام بلند کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت سے جنگ جیتنے کے بعد پوری دنیا پاکستان کی طرف متوجہ ہو گئی ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ ایک واضح مثال ہے کہ کمزور کے ساتھ کوئی کھڑا نہیں ہوتا اور طاقتو ر کے ساتھ سارے کھڑے ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم نے بلاول بھٹو کی سفارتی سطح پر صلاحیتوں کو سراہا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب بلاول بھٹو عوامی مینڈیٹ سے وزیراعظم بنیں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات