Live Updates

وزیراعلیٰ مریم نوازکا انقلابی اقدام،پاکستان کے پہلے اور مثالی ورچوئل بلڈ بینک سنٹر کا قیام

بدھ 11 جون 2025 21:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب میں پاکستان کا پہلا اور مثالی ورچوئل بلڈ بینک سنٹرقائم کر دیا گیا ہے۔ ایمرجنسی ہیلپ لائن 15پر کال کر کے ورچوئل بلڈ بینک سنٹر سے مریض درکارخون کوفوری طور حاصل کیا جاسکتا ہے۔ ایمرجنسی ہیلپ لائن 15پر کال کرنے کے بعد 4کا بٹن دبانے پر کال فورا ورچوئل بلڈ بینک سے منسلک ہوجائے گی۔

ورچوئل بلڈ بینک پرڈیوٹی سیف سٹی آفیسر مریض کی لوکیشن اور بلڈ گروپ کے بارے میں انفارمیشن حاصل کرتا ہے۔مریض کے متعلقہ علاقے میں رجسٹرڈ ڈونرز کا کانفرنس کال کے ذریعے مریض کے اہل خانہ سے فوری رابطہ کرا دیا جاتاہے۔ بلڈ ڈونیشن ماڈ ل میں متعلقہ تھانے کے پولیس اہلکار بھی ڈونیشن کے کار خیر میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب سیف سٹی کے ورچوئل بلڈ بینک میں بلڈڈونرز کی رجسٹریشن کا طریقہ کار بھی نہایت آسان ہے۔

بلڈ ڈونر ہیلپ لائن 15، سیف سٹی آفیشل ویب سائٹ یا سرکاری ہسپتالوں میں قائم پولیس خدمت کاونٹر پر رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔ ورچوئل بلڈ بینک پر روزانہ بلڈ کے حصول کیلئے 2500لوگ رابطہ کرتے ہیں۔ روزانہ 250مریضوں کی بلڈ کی اشد ضرورت کو فوری طورپر پورا کرنے کا انتظام ہوگا۔ ورچوئل بلڈ بینک میں رجسٹرڈ بلڈ ڈونرز کی تعداد 25ہزار سے زائد ہے۔ ورچوئل بلڈ بینک کے ڈونر ز میں 10ہزار پولیس اہلکاراور15ہزار عام شہری ہیں۔

پنجاب بھر میں 24/7سروس فراہم کی جارہی ہے اور 14ہزار سے زائد مریض مستفید ہوچکے ہیں۔ انہوں نے شہریوں بالخصوص نوجوانوں کو بلڈ ڈونیشن کے کارخیر میں شامل ہونے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت کے وقت خون کا ہر قطرہ قیمتی ہے، ہر قطرہ کسی ضرورت مند کیلئے زندگی کی نوید بن سکتا ہے۔ پنجاب ڈیجیٹلائزیشن کے نئے دور میں داخل ہوچکاہے،سروسز کے معیار کو بلندیوں تک لے کر جائیں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات