Live Updates

بھارتی حکومت فوجی جارحیت سے کشمیریوںکی جدوجہد ہرگز دبا نہیںسکتی، حریت کانفرنس

کشمیریوںنے غیر قانونی بھارتی قبضے کو کبھی تسلیم نہیں کیا اور وہ اس سے آزادی کیلئے قربانیوںکی ایک لازوال تاریخ رقم کر رہے ہیں

جمعرات 12 جون 2025 15:31

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی زیر قیادت بی جے پی کی بھارتی حکومت فوجی جارحیت اور کالے قوانین کے بے دریغ استعمال کے ذریعے حق خود ارادیت کے حصول کی کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کو ہرگز دبانہیں سکتی ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ مودی حکومت نے محاصرے اور تلاشی کی پرتشدد کارروائیوں ، گھروں پر چھاپوں ، بے گناہ نوجوانوںکی بلا جواز گرفتاریوںاور کشمیریوں کی املاک کی غیر قانونی ضبطی کا مذموم سلسلہ تیز کر دیا ہے تاہم وہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے مقبوضہ علاقے کے لوگوں کے جذبہ حریت کو ہرگز دبانہیں سکتی ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ بھارت غیر قانونی بھارتی قبضے کو چیلنج اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے حق خود ارادیت کا مطالبہ کرنے پر کشمیریوںکو سخت انتقامی کارروائیوںکا نشانہ بنارہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ کشمیریوںنے غیر قانونی بھارتی قبضے کو کبھی تسلیم نہیں کیا اور وہ اس سے آزادی کیلئے قربانیوںکی ایک لازوال تاریخ رقم کر رہے ہیں ۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت نے حریت رہنمائوں سمیت پانچ ہزار سے زائد کشمیریوں کو جیلوں اور عقوبت خانوں میں بند کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت تعمیر و ترقی کے نام نہاد کاموں سے کشمیریوں کو ہرگز بہلا نہیں سکتا ، انکا واحد مطالبہ بھارتی قبضے سے آزادی ہے جس سے وہ ہرگز پیچھے نہیں ہٹیں گے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت کشمیرکے بارے میں اپنے جھوٹے اور بے بنیاد بیانیے کے ذریعے عالمی برادری کو گمراہ کرنے میں ہرگز کامیاب نہیں ہوگا، دنیا جموںوکشمیر کو بدستور ایک متنازعہ خطہ مانتی ہے اور اس مسئلے کو خطے میں کشیدگی کی بنیادی وجہ سمجھتی ہے ۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت کو چاہیے کہ وہ جموںوکشمیر کے زمینی حقائق تسلیم کرے اور حقیقت پسندی کا راستہ اپناتے ہوئے تنازعہ کشمیرکو اقوم متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کیلئے ماحول کو سازگار بنائے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات