Live Updates

بھارت ہوش کے ناخن لے، ہم امن چاہتے ہیں مگرجواب دینا بھی جانتے ہیں: مصدق ملک

جمعرات 12 جون 2025 18:47

بھارت ہوش کے ناخن لے، ہم امن چاہتے ہیں مگرجواب دینا بھی جانتے ہیں: مصدق ..
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2025ء) وزیر مملکت مصدق ملک نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے، مگر اپنی سرزمین، خودمختاری اور عوام کی حفاظت کے لیے ہر حد تک جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ہم عالمی برادری کو بھارتی دہشت گردی کے ناقابلِ تردید شواہد پر مبنی ڈوزیئر پیش کر رہے ہیں، اور دنیا پہلی بار پاکستان کے مؤقف کے ساتھ کھڑی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے انہوں نے کہا کہ بھارت آگ اور خون کی ہولی مت کھیلے، یہ وقت ہوش کے ناخن لینے اور عقل کی بات کرنے کا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ بھارت کے دو طیارے پہلے ہی گرائے جا چکے تھے ، اب چھ گرائے گئے، اور اگر ضرورت پڑی تو آئندہ ساٹھ طیارے گرائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیر سمیت تمام تنازعات کے جامع حل کے لیے بھارت سے بات چیت کے خواہاں ہیں، مگر یہ مذاکرات برابری کی بنیاد پر ہی ممکن ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بھارت کی جانب سے آبی جارحیت کے اشاروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت ہمارا پانی بند کرے گا تو ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے، ایسی باتیں کھلی جنگ کی دھمکیاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ چند روزہ جنگ میں بھارت کا برتری کا خواب خاک میں مل چکا ہے، اور بھارتی رافیل طیارے چڑیوں کی طرح نیچے گرے۔ دنیا پر یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ پاکستان اپنی سرحدوں کا دفاع کرنا بخوبی جانتا ہے۔

انہوں نے حالیہ سفارتی کامیابی کو وزیر اعظم شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم کی بصیرت کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی عسکری فتح ہی ہماری سفارتی فوقیت کی بنیاد بنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ میں فتح کے باوجود ہم امن کا پیغام لے کر آگے بڑھ رہے ہیں کیونکہ پاکستان خطے میں پائیدار اور حقیقی امن چاہتا ہے ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات