Live Updates

ون پیشنٹ، ون آئی ڈی، منصوبے پر وفاقی وزراء کا پیش رفت کا جائزہ

جمعرات 12 جون 2025 20:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2025ء)وفاقی وزیر برائے قومی صحت خدمات، ضوابط و ہم آہنگی مصطفیٰ کمال نے ون پیشنٹ، ون آئی ڈی منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔دونوں وزارتوں کے سینئر حکام پر مشتمل اس مشترکہ اجلاس میں منصوبے کی موجودہ صورتحال اور عملدرآمد کی رفتار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزارت آئی ٹی نے اعلان کیا کہ وہ اپنے فنڈز سے اسلام آباد کے تمام بنیادی مراکز صحت (بی ایچ یوز) اور اسکولز کو کنیکٹیویٹی فراہم کرے گی۔ یہ اقدام وزارت صحت کے ریفرل سسٹم کے وژن کو مؤثر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا اور عوام کو بروقت اور بہتر انداز میں طبی سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔مزید برآں وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ کی ہدایت پر منصوبے کی تکمیل کی تاریخ کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل یہ منصوبہ 30 جون 2026 تک مکمل ہونا تھا، تاہم اب اس کی نئی تاریخ 31 دسمبر 2025 مقرر کی گئی ہے، جو حکومت کے ڈیجیٹل ہیلتھ وڑن کی رفتار کو ظاہر کرتی ہے۔وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ ڈیجیٹل ہیلتھ کے شعبے میں بین الوزارتی تعاون ایک مثبت پیش رفت ہے اور یہ منصوبہ وزیراعظم شہباز شریف کے ڈیجیٹل نیشن پاکستان وژن کی عملی تعبیر ہے۔

وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا کہ اب ہر شہری کا شناختی کارڈ نمبر ہی اٴْس کا ایم آر نمبر ہوگا، اور ڈاکٹرز مریض کے ماضی کے طبی ریکارڈ تک فوری رسائی حاصل کر سکیں گے۔ اسلام آباد کے بڑے ہسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ بڑھ رہا ہے، جس کے پیش نظر پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم کو مضبوط کیا جا رہا ہے، اور یہ منصوبہ ریفرل سسٹم کو فروغ دے گا۔دونوں وزارتوں نے منصوبے کی بروقت اور کامیاب تکمیل کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات