Live Updates

آئندہ مالی سال کا بجٹ متوازن اور عوام دوست ہے،چوہدری قیصر اقبال وریاہ ایڈووکیٹ

جمعرات 12 جون 2025 20:20

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما چوہدری قیصر اقبال وریاہ ایڈووکیٹ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کو متوازن اور عوام دوست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی صدر پاکستان مسلم لیگ (ن ) محمد نواز شریف کی رہنمائی میں وزیر اعظم محمدشہباز شریف اور ان کی ٹیم نے ایک ایسا بجٹ پیش کیا جو ملکی معاشی ترقی کا باعث ہوگا، مہنگائی کا خاتمہ اور بنیادی سہولیات عوام کو ان کی دہلیز پر فراہمی(ن) لیگ کی اولین ترجیح ہے ۔

قومی خبر رساں ادارہ ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ تنخواہ دار طبقے کیلئے انکم ٹیکس میں کمی کا فیصلہ قابل ستائش ہے ،کمرشل جائیدادوں اور گھروں کی فروخت پر عائد سات فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے خاتمے ودہولڈنگ سمیت دیگر مدوں میں ٹیکسز میں کمی کی گئی ہے جس سے ان شعبوں میں معاشی سرگرمیاں عروج حاصل کرینگی۔

(جاری ہے)

چوہدری قیصر اقبال وریاہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ (ن )لیگ نے مہنگائی میں کمی کا وعدہ پورا کرنے کیلئے مربوط اقدامات اٹھائے ،آنیوالے دنوں میں عوام کو مزید ریلیف حاصل ہو گا اور وفاقی و صوبائی حکومت عام آدمی کا معیار زندگی بلند کر کے دم لےگی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنے ہر دور اقتدار میں (ن)لیگ نے ملک میں انفراسٹرکچر کو مضبوط کیا ‘وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں پارٹی صدر محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق ترقی کا سفر جاری ہے‘مہنگائی ‘بیروزگاری کا خاتمہ ہو گا اور پاکستان تمام بحرانوں سے نجات حاصل کر کے ایشین ٹائیگر بنے گا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات