ڈی سی مانسہرہ اور ڈی پی او کا بالاکوٹ میں چائنیز پراجیکٹ سائٹس کا دورہ، سکیورٹی کو مربوط بنانے پر زور

جمعہ 13 جون 2025 12:26

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر مانسہرہ خالد اقبال اور ضلعی پولیس سربراہ شفیع اللہ گنڈا پور نے بالاکوٹ میں جاری چائنیز پراجیکٹس کے مختلف کیمپس اور پراجیکٹ سائٹس کا تفصیلی دورہ کیا اور سکیورٹی کو مزید موثر اور مربوط بنانے پر زور دیا۔ اس دورے کا مقصد چینی ماہرین، انجینئرز اور عملے کو فراہم کئے جانے والے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینا تھا۔

دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او مانسہرہ نے پاک فوج کے افسران، پراجیکٹس کے چینی ماہرین اور انتظامی عملے کے ساتھ خصوصی ملاقاتیں کیں جن میں سکیورٹی اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بالاکوٹ میں واقع مرکزی چائنیز کیمپ کے معائنے کے دوران ایس پی سپیشل سکیورٹی یونٹ نیاز خان، ڈی ایس پی سپیشل سکیورٹی یونٹ صابر خان، متعلقہ پراجیکٹ انچارجز، سکیورٹی افسران اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

پراجیکٹ انتظامیہ اور چینی ماہرین نے افسران کو کیمپ میں سکیورٹی کے موجودہ اقدامات اور درپیش ضروریات سے متعلق جامع بریفنگ دی۔ ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چینیوں کو فول پروف سکیورٹی کی فراہمی مانسہرہ پولیس کی اولین ترجیح ہے، ہمارے افسران اور اہلکاروں ہمہ وقت مستعد اور تیار ہیں۔ ڈی پی او نے سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات افسران اور اہلکاروں کو ہدایت جاری کی کہ وہ چینی عملے کے ساتھ قریبی روابط رکھیں، سکیورٹی پروٹوکولز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں اور تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کو مؤثر بنائیں تاکہ سکیورٹی نیٹ ورک مزید مربوط اور مستحکم ہو۔

ڈپٹی کمشنر مانسہرہ خالد اقبال نے اس موقع پر پراجیکٹ انتظامیہ کو یقین دہانی کروائی کہ ضلعی انتظامیہ تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر چینی شہریوں کو ایک محفوظ، پُرامن اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں چینی ماہرین کی شرکت پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے اور ان کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ دورے کے اختتام پر چینی عہدیداروں اور ماہرین نے سکیورٹی کے معیار اور افسران کی نگرانی کو بھرپور الفاظ میں سراہا اور بروقت رسپانس پر مکمل اطمینان اور اعتماد کا اظہار کیا۔