ایران پر صہیونی حملے ایران کی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی ہے‘ساجد نقوی

جمعہ 13 جون 2025 17:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جون2025ء)قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے برادر ملک اسلامی جمہوری ایران پر صہیونی حملے کی شدید الفا ظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر صہیونی حملے ایران کی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی ہے۔ سامراج کسی کی آزادی کو تسلیم نہیں کرتا،تمام آزادی پسندوں کواس سامراجی حملے کی کھل کر مذمت کرنی چاہیے،انہوں نے کہاکہ سامراجی صہیونی حملے سے واضح ہوگیا کہ سامراج اور اس کے پر وردہ کبھی بھی دنیا میں امن نہیں چاہتے۔

قائد ملت جعفریہ نے صہیونی حملے میں اعلی سرکاری عہدیداروں،بعض کمانڈرز اور چھ سائنسدانوں سمیت سویلین کی شہادتوں پرپاکستانی قوم و ملت کی جانب سے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی خدمت میں دلی ہمدردی اور گہرے دکھ کا اظہار کیا، شہداکے درجات کی بلندی اور پسماندگان سے صبر و جمیل کی دعاکی اور سامراجی صہیونی حملے کو خطے کو خطرناک صورتحال کی جانب سے دھکیلنے کی کوشش قرار دیا۔

(جاری ہے)

علامہ ساجد نقوی نے مزیدکہا کہ سامراج کی پشت پناہی میں قابض صہیونی ریاست اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے خطے میں کشیدگی اور بد امنی کو بڑھاوا دے رہی ہے۔ صہیونیوں کا یہ گھناونا اقدام بین الاقوامی قانون کی بنیادیں ہلادینے کے مترادف ہے، پاکستانی عوام ایرانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہارکرتے ہیں۔ دوسری جانب قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد نقوی کے اعلان پرملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ایرانی عوام پر صہیونی حملے کیخلاف اور ایرانی قوم سے اظہار یکجہتی کیلئے نماز جمعہ کے اجتماعات میں احتجاج کیاگیا۔۔۔۔۔ اعجاز خان