عوامی مسائل کے حل کی نئی مثال قائم، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرکی ایک ہی دن میں مختلف مقامات میں کھلی کچہریوں کا انعقاد

جمعہ 13 جون 2025 21:10

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2025ء) عوامی مسائل کے حل کی نئی مثال قائم کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرسرگودھا نے ایک ہی دن میں مختلف مقامات میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرمحمد صہیب اشرف نے مختلف علاقوں میں ایک دن میں بیک وقت کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن انصاف عوام کی دہلیز پر اور پولیس عوام رابطہ مضبوط بنانے کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرمحمد صہیب اشرف نے پہلی مرتبہ ایک ہی دن میں مختلف مقامات پر کھلی کچہریوں کا انعقاد کرنے کا ریکارڈ قائم کردیا۔

انہوں نے ویگووال، یونین کونسل شاہ پور صدر، موضعہ جلپانہ، بکھر بار اور عاقل شاہ میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا اور آنے والے تمام شہریوں کے فرداً فرداً مسائل دریافت کیے۔

(جاری ہے)

شہریوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرمحمد صہیب اشرف کے عوامی مسائل کے حل کے لیے کئے گئے اقدامات پر خوشی کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرمحمد صہیب اشرف نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد عوام اور پولیس کے باہمی رابطوں کا فروغ، عوامی مسائل کی نشاندہی اور ان کے بروقت حل کے لیے لائحہ عمل طے کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام درخواستوں کے بروقت حل کے لئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جن پر پیشرفت سے آگاہ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میرے دروازے عوام کے لیے چوبیس گھنٹے کھلے ہیں آپ کا جو بھی مسئلہ ہو فوری مجھ سے رابطہ کریں تمام مسائل کو میرٹ پر حل کیا جائے گا۔ اس موقع پر تمام متعلقہ سرکلز کے سب ڈویژنل پولیس آفیسرز، اور تھانہ جات کے ایس ایچ اوز بھی موجود تھے۔