ایران اسرائیل کشیدگی؛ پاکستان آنے جانے والی7 پروازیں منسوخ، کئی تاخیر کا شکار

قومی ایئر لائن کی کراچی سے مسقط کی پرواز پی کے 225 کی روانگی میں 5 گھنٹے تاخیر ہوئی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 14 جون 2025 10:05

ایران اسرائیل کشیدگی؛ پاکستان آنے جانے والی7 پروازیں منسوخ، کئی تاخیر ..
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 جون 2025ء ) ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث پاکستان آنے جانے والی7 پروازیں منسوخ کردی گئیں اور کئی تاخیر کا شکار ہوگئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نجف سے کراچی، باکو سے لاہور اور کراچی سے جدہ کے لیے 7 پروازیں منسوخ ہوچکی ہیں، اس کے علاوہ غیرملکی ایئرلائن کی کویت سے کراچی کی 2 پروازیں 6 گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہیں، دبئی سے کراچی کی 2 پروازیں ای کے 606 اور 607 کی روانگی میں 2 گھنٹے کی تاخیر ہوئی، کراچی سے استنبول آنے اور جانے والی 4 پروازیں ایک گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار رہیں۔

بتایا گیا ہے کہ قومی ایئر لائن کی کراچی سے مسقط کی پرواز پی کے 225 کی روانگی میں 5 گھنٹے تاخیر ہوئی، اسی طرح شارجہ اور دبئی سے فیصل آباد آنے اور جانے والی 4 پروازوں میں 2 گھنٹے سے زائد کی تاخیر ہوئی جب کہ شارجہ سے سیالکوٹ اور دبئی سے ملتان کی 4 پروازیں ایک گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہوگئیں۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ ایران اسرائیل تنازعہ کے بعد پاکستان نے ایران میں زیارات پر جانے والوں کیلئے ایڈوائزری جاری کردی، دفترخارجہ سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ موجودہ صورتحال میں پاکستانی زائرین سفر کرنے میں محتاط رہیں، ایران میں تقریباً 5 ہزار پاکستانی زائرین ہیں، ایران جانے والے زائرین کی تعداد میں اتار چڑھاؤ آتا ہے، زیادہ تر زائرین ہمارے سفارتی مشنوں سے رابطہ نہیں کرتے، تہران میں پاکستانی سفارت خانہ پاکستانی شہریوں کی مدد کے لئے دستیاب ہے، پاکستانیوں کو وطن واپسی میں سہولت فراہم کی جائے گی۔

بتایا جارہا ہے کہ سعودی عرب نے بھی ایران پر اسرائیلی حملوں کے بعد فضائی حدود کی بندش کے بعد شہریوں اور رہائشیوں کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری کی ہے، ایس پی اے نے رپورٹ کیا کہ سعودی عرب کے بڑے ایئرپورٹس کنگ خالد انٹرنیشنل ایئر پورٹ ریاض، کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ، کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ دمام اور مدینہ منورہ کے امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ خطے کے بعض ممالک میں موجودہ صورتحال کے پیش نظر فضائی حدود کی بندش سے متاثر ہونے والے مسافروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ائیرپورٹ جانے سے قبل اپنی ایئرلائنز سے براہ راست رابطہ کریں، پروازوں کے بارے میں تازہ ترین اپ ڈیٹس کی تصدیق کسی بھی غیر متوقع تاخیر یا تبدیلی سے بچنے کے لیے ہے۔