Live Updates

جواد امین کو پاکستان نرسنگ کونسل کے صدر کے عہدے پر بحال کرنے کا حکم

وفاقی کابینہ کی منظوری کے بغیر پٹیشنرز کو ڈی نوٹیفائی کرنا سپریم کورٹ کے فیصلے کی بھی خلاف ورزی ہے،فیصلہ جاری

ہفتہ 14 جون 2025 14:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2025ء)اسلام آباد ہائی کورٹ نے جواد امین کو نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل کے صدر کے عہدے پر بحال کرنے کا حکم دے دیا۔جسٹس طارق محمود جہانگیری نے تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔ عدالت نے فرزانہ ذوالفقار کی بطور صدر تعیناتی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے شاہد حسین کو بھی پاکستان نرسنگ کونسل کے نائب صدر کے عہدے پر بحال کرنے کا حکم دیا ہے۔

تحریری فیصلے میں عدالت نے کہا ہے کہ نگراں حکومت کے اختیارات کے حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ موجود ہے،الیکشن ایکٹ 2017 میں بھی نگراں حکومت کے کام کی وضاحت کی گئی ہے،پٹیشنرز کو وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کی منظوری سے تعینات کیا گیا تھا۔عدالت نے کہا کہ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بغیر پٹیشنرز کو ڈی نوٹیفائی کرنا سپریم کورٹ کے فیصلے کی بھی خلاف ورزی ہے، ڈی نوٹیفائی کرنے سے قبل درخواست گزاروں کو کوئی شوکاز نوٹس نہیں دیا گیا۔

(جاری ہے)

پٹیشنرز کو ڈی نوٹیفائی کرنے سے قبل ان کیخلاف کوئی انکوائری بھی نہیں کی گئی۔تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ ایسی کوئی دستاویز بھی ریکارڈ پر نہیں لائی گئی جس کی بنیاد پر پٹیشنرز کو عہدوں سے ہٹایا گیا ہو۔ ایک ہفتے کے اندر جواد امین خان کو صدر اور شاہد حسین کو نائب صدر کے عہدوں پر بحال کیا جائے، فریقین فیصلے پر عملدرآمد کرکے رپورٹ ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل کے پاس جمع کروائیں۔واضح رہے کہ نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل کے صدر جواد امین خان کو نگراں دور حکومت میں عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات