Live Updates

اسرائیل کے حملے ایران کی خودمختاری اوربین الاقوامی جنگی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہیں ، چوہدری عبدالمجید

ہفتہ 14 جون 2025 21:32

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2025ء) آزاد جموں وکشمیر کے سابق وزیراعظم چوہدری عبد المجید نے ایران پر اسرائیل کے بلا اشتعال حملے اور اس کے نتیجے میں ہونے والے جانی اور مالی نقصانات کی شدید مذمت اور اپنے دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام پر مذاکرات چل رہے تھے لیکن اسرائیل نے خلیج میں اپنی علاقائی چوہدراہٹ اور فلسطینیوں کے بلا روک ٹوک قتل عام کرنے کے لیے ایران پر بلاجواز حملہ کیا ۔

(جاری ہے)

چوہدری مجید نے کہا کہ اسرائیل کے یہ حملے ایران کی خودمختاری اور بین الاقوامی جنگی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہیں، میں کشمیری قوم کی طرف سے ایران پر ہوئے غیر قانونی حملوں کی پرزور مذمت کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے ان اقدامات سے مشرق وسطیٰ کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں امن قائم کرنے اور تنازعات کے مذا کرات کے ذریعے حل کی کاوشوں کو نقصان پہنچا ہے۔ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہم سب کھل کر اپنے پڑوسی اور برادر اسلامی ملک ایران کے ساتھ کھڑے ہیں ۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات