Live Updates

اقوام متحدہ جنوبی پنجاب کی معاشی صلاحیت کو بڑھانے کیلئے اہم اقدامات میں مزید تعاون فراہم کرتا رہے گا، محمد یحییٰ

ہفتہ 14 جون 2025 22:34

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2025ء) اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ اور ہیومینٹیرین کوآرڈینیٹر برائے پاکستان محمد یحییٰ نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب میں بے پناہ اقتصادی صلاحیت موجود ہے، اقوام متحدہ اس خطے کی ترقی کیلئے مختلف شعبوں میں بھرپور تعاون فراہم کر رہا ہے،اقوام متحدہ جنوبی پنجاب کی معاشی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے اہم اقدامات میں مزید تعاون فراہم کرتا رہے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں ملتان چیمبر آف کامرس میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ محمد یحییٰ نے کہا کہ پاکستان بھر میں اقوام متحدہ کے چار ہزار افراد اور 25 سے زائد ادارے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب خطہ زراعت کا مرکز ہے اور اقوام متحدہ کا ادارہ برائے خوراک و زراعت پاکستان میں زرعی شعبہ کو مزید فروغ دینے کے لیے کام کر رہا ہے،اقوام متحدہ نوجوانوں کی ہنر مندی میں بھی تعاون کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

محمد یحییٰ نے کہا کہ اقوام متحدہ نے ہمیشہ ہنر مندی کو اپ گریڈ کرنے کے لیے سیکھنے کے عمل کی حوصلہ افزائی کی ہے، جنوبی پنجاب جغرافیائی لحاظ سے بہت اہم علاقہ ہے اور اقوام متحدہ موسمیاتی تبدیلی، ٹیکنالوجی، زراعت اور بہت سے دیگر شعبوں میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب ایک پر امن خطہ ہے،جنوبی پنجاب میں بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے بے شمار مواقع موجود ہیں۔

ملتان چیمبر آف کامرس کے اراکین کو اسلام آباد کا دورہ کرنے کی دعوت ہوئے محمد یحی نے کہا کہ وہ چیمبر آف کامرس ملتان کے ساتھ ملکر مشترکہ طور پر جنوبی پنجاب میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کے لیے مہم چلائیں گے۔ انٹرنیشنل فنڈ برائے ایگریکلچرل ڈویلپمنٹ (آئی ایف اے ڈی )کی نمائندہ فرنینڈا تھوماز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایف اے ڈی جنوبی پنجاب کے 10 اضلاع میں غربت کے خاتمے کے منصوبے میں تعاون کر رہا ہے،آئی ایف اے ڈی نے چار لاکھ غریب خواتین کو مویشی فراہم کئے ہیں، 7,300 بے گھر خواتین کو گھر فراہم کیے گئے، اسی طرح 40 کمیونٹی فوڈ بینکوں کے ذریعے 30 ہزار گھرانوں کو بھی مدد فراہم کی گئی ہے۔

اس موقع پر صدر ملتان چیمبر آف کامرس بختاور تنویر شیخ نے جنوبی پنجاب خطے بارے تفصیلی بریفنگ میں جنوبی پنجاب میں موجود مواقعوں کا ذکر کیا جبکہ زراعت، صنعت، موسمیاتی تبدیلی، لڑکیوں کی تعلیم، غربت اور بعض دیگر شعبوں میں مختلف چیلنجز پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے جنوبی پنجاب خطے میں بڑے ترقیاتی منصوبوں کو یقینی بنانے پر چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی خدمات کو سراہا۔

صدر ملتان چیمبر آف کامرس نے زور دیا کہ اقوام متحدہ جنوبی پنجاب پر مزید توجہ دے کیونکہ یہ ملک کے دیگر علاقوں سے پیچھے ہے۔ انہوں نے ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سفارش پر تیار کیے گئے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا بھی ذکر کیا۔ اس موقع پر سینیٹر رانا محمود الحسن، چیئرمین سینیٹ کی مشیر مصباح کھر، ایم سی سی آئی کے نائب صدر محمد اظہر بلوچ اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔

بعد ازاں محمد یحی نے آئی ایف اے ڈی کی نمائندہ و دیگر کے ہمراہ دربار موسی پاک شہید کا دورہ کیا۔جہاں انہوں نے مزار پر چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر محمد یحییٰ اور ان کے ہمراہ وفد میں موجود دیگر افراد کی دستار بندی کی گئی اور تحائف بھی پیش کئے گئے۔مزار پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ اور ہیومینٹیرین کوآرڈینیٹر برائے پاکستان نے کہا کہ وہ چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی کی دعوت پر ملتان کے دورہ پر آئے،ملتان میں آ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا اولیاء اللہ کے شہر میں بہت پیار اور عزت ملی ہے،یہاں کے لوگوں کی مہمان نوازی کمال ہے،ملتان میں مختلف مزارات اور جگہوں کے وزٹ کے دوران یہاں کے کلچر سے متعلق آگاہی حاصل ہوئی۔انہوں نے مزید کہا آئی ایف اے ڈی پاکستان میں رورل کمیونٹی کی بہتری کیلئے معاونت فراہم کر رہا ہے،اقوام متحدہ پاکستان میں مزید معاونت جاری رکھے گا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات