Live Updates

ملاکنڈ ٹریڈرز فیڈریشن نے وفاقی بجٹ مسترد کردیا

ملاکنڈ ڈویژن میں خام مال پر 10فیصد سیلز ٹیکس کا نفاذ کسی صورت قابل قبول نہیں، حکومت نے ڈویژن کی جداگانہ آئینی حیثیت بحال نہ کی تو تاجر برادری بھرپور تحریک شروع کرے گی،حاجی عبدالرحیم

ہفتہ 14 جون 2025 20:10

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2025ء)ملاکنڈ ڈویژن ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر حاجی عبدالرحیم نے حالیہ وفاقی بجٹ کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ملاکنڈ ڈویژن میں خام مال پر 10 فیصد سیلز ٹیکس کا نفاذ کسی صورت قابل قبول نہیں، اگر حکومت نے ڈویژن کی جداگانہ آئینی حیثیت بحال نہ کی تو تاجر برادری بھرپور تحریک شروع کرے گی۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے سوات ہوٹلز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی زاہد خان، سوات ٹریڈرز فیڈریشن کے ترجمان ڈاکٹر خالد محمود اور حاجی حیات علی کے ہمراہ سوات پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں تمام پالیسیاں آئی ایم ایف کے ایجنڈے پر ترتیب دی جاتی ہیں جن کا مقصد صرف افسر شاہی اور مراعات یافتہ طبقے کو فائدہ پہنچانا جبکہ غریب عوام کو مزید مشکلات سے دوچار کرنا ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حالیہ وفاقی بجٹ بھی عوام دشمن ایجنڈے کا تسلسل ہے جس میں ملاکنڈ ڈویژن کے صنعتکاروں اور چھوٹے کاروباری طبقے پر 10 فیصد سیلز ٹیکس لاگو کر دیا گیا ہے، حالانکہ آئینِ پاکستان کے مطابق ملاکنڈ ڈویژن کو ایک جداگانہ حیثیت حاصل ہے جو یہاں کے عوام کی تاریخی قربانیوں کا اعتراف ہے۔انہوں نے حکومت کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری ملاکنڈ ڈویژن کی آئینی حیثیت کے خاتمے کو کسی صورت قبول نہیں کرے گی اور ٹیکس کے اس جبری نفاذ کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کرے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ ہم 1969 سے پاکستان کا حصہ ہیں، دہشتگردی، زلزلے اور سیلاب جیسے سانحات کے باوجود ہم نے ہمیشہ قربانیاں دیں، لیکن اب ہمیں تجربہ گاہ بنا دیا گیا ہے۔حاجی عبدالرحیم نے پنجابی صنعتکاروں اور طاقتور طبقے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے گریبان سے ہاتھ نکالا جائے، سازشیں بند کی جائیں،ورنہ ہم بھی جواب دینا جانتے ہیں۔انہوں نے وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کی نااہلی کے باعث ڈویژن کے ترقیاتی فنڈز روک دیئے گئے ہیں اور پورے علاقے کو پسماندہ رکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ بہت جلد ملاکنڈ ڈویژن بھر کی تمام تاجر تنظیموں کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، اور اس تحریک میں سیاسی جماعتوں، وکلا، صنعتکاروں، پی ایس ایم اے اور سول سوسائٹی کو بھی شامل کیا جائے گا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات