Live Updates

[تحصیل تنگی اور دیگر علاقوں میں منشیات کا پھیلاؤ ایک سنگین المیہ بنتا جا رہا ہے،صوبائی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ

اتوار 15 جون 2025 19:40

ًپشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جون2025ء) پاکستان مسلم لیگ خیبر پختونخوا کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری محمد بلال محمدزئی نے اپنے ایک اہم بیان میں کہا ہے کہ تحصیل تنگی اور دیگر علاقوں میں منشیات کا پھیلاؤ ایک سنگین المیہ بنتا جا رہا ہے، جو ہمارے نوجوانوں کے مستقبل کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرگ مافیا کے خلاف فیصلہ کن، مسلسل اور بے رحم آپریشن وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔

اگر اب بھی خاموشی اختیار کی گئی تو پورا معاشرہ اس زہر کا شکار ہو جائے گا۔ نوجوان کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں اور جب انہیں منشیات جیسی لعنت میں دھکیل دیا جائے تو یہ سرمایہ ضائع ہو جاتا ہے۔ تنگی اور گردونواح کے علاقوں میں بدقسمتی سے یہ ناسور تیزی سے جڑیں پکڑ چکا ہے، اور اس کے پیچھے منظم نیٹ ورک، سیاسی پشت پناہی، اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خاموشی بھی ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے موجودہ پی ٹی آئی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے صوبے میں حکمرانی کرنے والی تحریک انصاف نے عوامی فلاح و تحفظ کے بجائے صرف سیاسی نعروں اور الزامات کی سیاست کی۔ منشیات فروش کھلے عام اپنے دھندے میں مصروف ہیں، مگر حکومت کی ترجیحات میں یہ مسئلہ شامل ہی نہیں۔ پولیس اور متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

محمد بلال محمدزئی نے مطالبہ کیا کہ ڈرگ مافیا کے خلاف خصوصی ٹاسک فورس بنائی جائے، تمام سیاسی و سماجی قوتیں اس کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنائیں، اور ایسے عناصر کو بے نقاب کیا جائے جو ان مافیاؤں کو تحفظ فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے والدین، اساتذہ، علما کرام اور معاشرتی رہنماؤں سے بھی اپیل کی کہ وہ منشیات کے خلاف شعور اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ ایک محفوظ، صحت مند اور ترقی یافتہ معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات