Live Updates

تنظیم اساتذہ پاکستان نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کو ناکافی اور غیر منصفانہ قرار دیدیا

اتوار 15 جون 2025 21:05

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2025ء) قائم مقام صدر تنظیم اساتذہ پاکستان صوبہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر نصراللہ لغاری، سیکرٹری پروفیسر عبدالحفیظ احمدانی، سیکرٹری نشر و اشاعت سندھ مشرف کریم نے اپنے مشترکہ بیان میں حکومت سندھ کے پیش کردہ بجٹ 2025۔26 میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کو ناکافی اور غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کر دیا ہے، رہنماں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی طرز پر سندھ کے ملازمین کو ڈسپیرٹی الانس نہ دینا سنگین ناانصافی ہے، جس سے سرکاری اساتذہ اور دیگر ملازمین میں شدید اضطراب پایا جاتا ہے، صوبائی رہنماں نے کہا کہ وفاقی اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کو خاطر خواہ اضافی مراعات اور ڈسپیرٹی الانس فراہم کئے جا رہے ہیں حالانکہ تین صوبوں میں بھی ملازمین کو ڈسپیرٹی الانس دیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ سندھ کے سرکاری اساتذہ اور ملازمین کو ڈسپیرٹی الانس سے محروم رکھا جا رہا ہے، تنظیم اساتذہ پاکستان سندھ حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وفاقی حکومت کے مساوی ڈسپیرٹی الانس فوری طور پر سندھ کے تمام ملازمین کو دیا جائے، تنخواہوں میں اضافے کو موجودہ مہنگائی کے تناسب سے حقیقی طور پر بڑھایا جائے، اساتذہ اور دیگر ملازمین کی معاشی فلاح کے لیے ایک مستقل اور شفاف پالیسی وضع کی جائے۔ اگر سندھ حکومت نے اپنے فیصلے پر نظر ثانی نہ کی تو تنظیم اساتذہ پاکستان تمام تنظیموں سے مشاورت کر کے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں گے اور احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں، تنظیم اساتذہ پاکستان اساتذہ کے حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھاتی رہی ہے اور آواز اٹھاتی رہے گی۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات