Live Updates

ایران میں افغان سفارتخانے کی افغان باشندوں کو حساس علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت

اتوار 15 جون 2025 21:50

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2025ء)ایران کے دارالحکومت تہران میں افغانستان کے سفارتخانے نے ایران میں مقیم تمام افغان باشندوں کو پیغام جاری کرتے ہوئے ان پر زور دیا ہے کہ وہ حساس فوجی مراکز سے دور رہیں اور کسی بھی قسم کی سیاسی سرگرمیوں یا اشتعال انگیز موضوعات سے مکمل اجتناب کریں۔ یہ ہدایات ایک اعلامیے کے ذریعے جاری کی گئی ہیں، جن کا مقصد ایران میں افغان باشندوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

اعلامیے میں واضح طور پر کہا گیا کہ ایران کے حساس فوجی مراکز مکمل طور پر سیکیورٹی اداروں کی نگرانی میں ہیں اور ان کے اطراف میں کسی بھی قسم کی مشکوک حرکت ایرانی حکام کی جانب سے گرفتاری یا قانونی کارروائی کا سبب بن سکتی ہے، اسی لیے افغان شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ان مقامات کے قریب جانے یا وہاں کسی بھی قسم کی غیر معمولی سرگرمی سے گریز کریں۔

(جاری ہے)

سفارتخانے کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ افغان شہری عوامی مقامات مثلا میٹرو اسٹیشنز، بازاروں، ٹیکسیوں یا ریلوے اسٹیشنوں میں احتجاجی مظاہروں، حملوں یا سیاسی مقف کے بارے میں بات چیت نہ کریں۔ اس قسم کی گفتگو نا صرف دیگر افراد میں خوف و ہراس پیدا کر سکتی ہے بلکہ ایران کے سیکیورٹی اداروں کے لیے بھی مشکلات کا باعث بن سکتی ہے۔اعلامیے کے مطابق افغان باشندے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی سیاسی جماعتوں کی میٹنگز، مظاہروں، سیاسی خیالات اور مطالبات کی اشاعت یا ترسیل سے اجتناب برتیں۔

اس عمل سے ان کی شناخت پر سوالات اٹھ سکتے ہیں اور ان کی موجودگی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔سفارتخانے نے زور دیا ہے کہ موجودہ ایرانی صورتحال کے حوالے سے باخبر رہنے کے لیے قابل اعتماد ذرائع ابلاغ اور حکومتی ویب سائٹس سے رجوع کیا جائے۔ سوشل میڈیا یا غیر مصدقہ ذرائع سے حاصل شدہ معلومات کی بنیاد پر فیصلے کرنے سے گریز کیا جائے، تاکہ کسی بھی ممکنہ سیکیورٹی خطرے سے بچا جا سکے۔

اعلامیے کے آخر میں سفارتخانے نے افغان شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ سفر سے قبل اور دوران ہمیشہ ایران کے سرکاری اداروں کی جانب سے جاری ہونے والی نئی ہدایات اور قوانین سے باخبر رہیں۔ اس احتیاطی طرزِ عمل سے نہ صرف ان کا ذاتی تحفظ ممکن ہے بلکہ ایران میں ان کے قیام اور سفر کے دوران مثبت روابط قائم رہیں گے۔ یہ اعلامیہ ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جب ایران اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات