Live Updates

وفاقی بجٹ کی منظوری روکنے کیلئے پی ٹی آئی کا پیپلزپارٹی سے باضابطہ رابطہ، ووٹنگ میں حصہ نہ لینے کی بڑی پیشکش کر دی

اسد قیصر کی پارلیمنٹ ہاؤس میں راجا پرویز اشرف سے اہم ملاقات جس میں اپوزیشن کی ممکنہ مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا، بجٹ جیسے اہم قومی معاملے پر اپوزیشن جماعتوں کا متحد ہونا حکومت پر دباؤ بڑھا سکتا ہے

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 16 جون 2025 14:20

وفاقی بجٹ کی منظوری روکنے کیلئے پی ٹی آئی کا پیپلزپارٹی سے باضابطہ ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16جون 2025)وفاقی بجٹ کی منظوری روکنے کیلئے پی ٹی آئی کا پاکستان پیپلزپارٹی سے باضابطہ رابطہ،بجٹ اجلاس کے موقع پر ووٹنگ میں حصہ نہ لینے کی بڑی پیشکش کر دی، پی ٹی آئی کے سینئر رہنماء اسد قیصر نے پارلیمنٹ ہاؤس میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راجا پرویز اشرف سے اہم ملاقات کی جس میں اپوزیشن کی ممکنہ مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف نے مالی سال 2025-26 کے وفاقی بجٹ کی منظوری روکنے کی حکمت عملی کے تحت پیپلز پارٹی کو بجٹ ووٹنگ میں حصہ نہ لینے کی باضابطہ پیشکش کر دی ہے۔ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے دوران ملاقات کے دوران اسد قیصر نے کہا کہ وہ پیپلز پارٹی کے حالیہ بیانات سے آگاہ ہیں جن میں بجٹ بائیکاٹ کا عندیہ دیا گیا۔

(جاری ہے)

اگر پیپلز پارٹی واقعی سنجیدہ ہے تو بجٹ میں ووٹنگ کے وقت بائیکاٹ میں تحریک انصاف کا ساتھ دے۔

انہوں نے واضح کیا کہ بجٹ جیسے اہم قومی معاملے پر اپوزیشن جماعتوں کا متحد ہونا حکومت پر دباؤ بڑھا سکتا ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رہنماء پیپلزپارٹی راجہ پرویز اشرف نے اسد قیصر کی پیشکش کو سنجیدگی سے لینے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ اس تجویز کو پارٹی قیادت، خصوصاً بلاول بھٹو زرداری کے سامنے رکھیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بلاول بھٹو آج پارلیمنٹ آرہے ہیں اور وہ ان سے اس معاملے پر مشاورت کریں گے۔

پیپلز پارٹی واقعی بجٹ بائیکاٹ کے حوالے سے سنجیدہ ہے تو پی ٹی آئی اس اقدام میں اس کا ساتھ دینے کیلئے تیار ہے۔یہ ملاقات ایسے وقت ہوئی ہے جب وفاقی بجٹ پر ایوان میں بحث جاری ہے اور مختلف اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے تنقید کا سلسلہ تیز ہو چکا ہے۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے بجٹ پر حتمی مؤقف سامنے آنا باقی ہے تاہم پی ٹی آئی کی جانب سے کی جانے والی پیشکش نے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات