سندھ حکومت نے لیڈی ہیلتھ ورکرز کے مطالبات تسلیم کر لیے،بشری آرائیں

پیر 16 جون 2025 23:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2025ء) آل لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام یونین کی جانب سے سندھ بھر کی لیڈی ہیلتھ سپروائزرز، ورکرز، ڈرائیورز اور پروگرام کے دیگر عملے کے مسائل اور واجبات کی ادائیگی کے لیے مسلسل آواز بلند کی جا رہی تھی۔ اس جدوجہد کے نتیجے میں سندھ حکومت نے ان کے مطالبات تسلیم کر لیے ہیں، جس پر پروگرام یونین نے حکومت سندھ کا شکریہ ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

چیئرپرسن بشری آرائیں کی قیادت میں یونین نے کراچی میں شدید گرمی کے باوجود بھرپور احتجاج اور دھرنا دیا، جس میں سندھ بھر سے لیڈی ہیلتھ ورکرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس دھرنے میں ملازمین نے اتحاد و یکجہتی کے ذریعے اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا۔اس کامیابی پر لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام یونین کی رجسٹرڈ رہنما فرحت پروین، عباس جید، ہمت حسین، فرحان جید سمیت دیگر مرکزی رہنماں نے ورکرز کی ہمت و حوصلے کو سراہا اور کہا کہ یہ کامیابی ہماری آواز اور اتحاد کی بدولت ممکن ہوئی۔انہوں نے میڈیا، سماجی کارکنان، اور عوامی نمائندوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس جدوجہد کو اجاگر کیا اور مسائل کو حکومت تک پہنچایا۔یونین کی جانب سے تمام اس موقع پر کارکنان کو مبارکباد پیش کی گئی ہے۔