پاکستان کے اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد کی یورپی پارلیمنٹ میں معروف سیاسی جماعت ای ایس این کے ممبران یورپی پارلیمان سے ملاقات

پیر 16 جون 2025 23:00

سٹراس برگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2025ء) پاکستان کے اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد نے یورپی پارلیمنٹ میں معروف سیاسی جماعت ای ایس این کے ممبران یورپی پارلیمان سے ملاقات کی۔ ای ایس این جماعت کے ممبران یورپی پارلیمنٹ نے پاکستان کے پارلیمانی وفد کا خیرمقدم کیا اور انہیں سٹراس برگ آمد پر خوش آمدید کہا۔

(جاری ہے)

پیر کو جاری پریس ریلیز کے مطابق اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد نے ای ایس این گروپ کے ایم ای پیز کے ساتھ علاقائی استحکام، انسداد دہشت گردی، سمیت باہمی دلچسپی کے اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں پارلیمانی وفد نے ممبران یورپی پارلیمنٹ کو بھارت کے جارحانہ رویئے، یکطرفہ اقدامات اور سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے اور آبی وسائل کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی۔ پارلیمانی وفد نے واضح کیا کہ بھارت کی مسلسل اشتعال انگیزی کے باوجود پاکستان کا ردعمل تحمل، بردباری اور امن کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری خطے میں قیام امن کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے وہ عالمی قوانین و معاہدات سے روگردانی سے باز رہے۔