پاکستان کے اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد کی یورپین پارلیمنٹ کی قانونی امور کی کمیٹی (جے یو آر آئی) کے چیئرمین الہان کیوچیوک سے ملاقات

منگل 17 جون 2025 00:20

سٹراس برگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2025ء) پاکستان کے اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد نے یورپین پارلیمنٹ کی قانونی امور کی کمیٹی (جے یو آر آئی) کے چیئرمین الہان کیوچیوک سے ملاقات کی۔ ملاقات میں جی ایس پی پلس کے تحت قانون کی حکمرانی، عدالتی آزادی اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے حوالے سے پاکستان کی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

پیر کو جاری پریس ریلیز کے مطابق پارلیمانی وفد کی قیادت وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک کر رہے ہیں۔ پارلیمانی وفد نے بھارت کے جانب سے عالمی قوانین سے رو گردانی کرتے ہوئے، اٹھائے گئے یکطرفہ اقدامات سے متعلق پاکستان کی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ پارلیمانی وفد نے واضح کیا کہ سندھ طاس معاہدے جیسے دوطرفہ معاہدوں کی خلاف ورزی اور آبی وسائل کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا نہ صرف بین الاقوامی قوانین بلکہ بنیادی انسانی حقوق کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ پاکستانی پارلیمانی وفد نے قانون کی عملداری اور قواعد پر مبنی بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کی ضرورت پر زور دیا۔