پاکستان اور امریکہ کا تجارتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق

یہ پیشرفت وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی امریکی سیکریٹری برائے کامرس کے ساتھ ورچوئل میٹنگ میں ہوئی

Sajid Ali ساجد علی منگل 17 جون 2025 11:07

پاکستان اور امریکہ کا تجارتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 جون 2025ء ) پاکستان اور امریکہ نے تجارتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی تعاون کو وسعت دینے کے لیے پیشرفت ہوئی ہے، جس کے تحت دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا ہے، یہ پیشرفت وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی جانب سے امریکی سیکریٹری برائے کامرس کے ساتھ ورچوئل میٹنگ میں ہوئی۔

وزارت خزانہ نے بتایا ہے کہ ملاقات میں امریکی ٹیرف پالیسیوں اور تجارتی ضوابط سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، ورچوئل میٹنگ کے دوران دونوں فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، اس دوران وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکی حکام کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور بہتر معاشی اصلاحات سے آگاہ کیا، پاکستان اور امریکہ نے مذاکرات کے تسلسل اور باہمی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے، تکنیکی سطح پر مزید تفصیلی بات چیت جلد ہوگی۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پاکستان ڈیجیٹل اثاثوں کو اپنانے، ان کی ترقی میں گلوبل ساؤتھ کی قیادت، ڈیجیٹل معیشت میں جدت، ریگولیشن اور جامع ترقی کے لیے اعلی معیار قائم کرنے کا خواہش مند ہے، بٹ کوائن کو پاکستان کے خودمختار ذخائر، مالیاتی استحکام اور طویل المدتی ڈیجیٹل معاشی تبدیلی کے ایک اہم ذریعہ کے طور پر دیکھتے ہیں۔

بتایا جارہا ہے کہ ان خیالات کا اظہار وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے وزیر مملکت برائے کرپٹو اور بلاک چین بلال بن ثاقب اور سابقہ مائیکرواسٹریٹیجی کے ایگزیکٹو چیئرمین آف اسٹریٹیجی مائیکل سیلر کے ساتھ ایک اعلی سطح کے اجلاس کے دوران کیا، انہوں نے پاکستان کے ڈیجیٹل اثاثوں اور معاشی جدت کے عزم کا واضح اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مائیکل سیلر کی کمپنی دنیا میں بٹ کوائن کا سب سے بڑا کارپوریٹ ہولڈر ہے۔