دنیا بھرپناہ گزینوں کا عالمی دن 20 جون کو منایا جائے گا

منگل 17 جون 2025 12:37

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2025ء)پاکستان سمیت دنیا بھر میں 20 جون کو پناہ گزینوں کا عالمی دن منایا جائے گا۔ گزستہ چند عشروں کے دوران دنیا بھر میں خانہ جنگی، مسلح تصادم اور قتل و غارت سے نہ صرف لاکھوں جانیں ضائع ہوئیں بلکہ لوگوں کی بہت بڑی تعداد جلاوطنی پر بھی مجبور ہو گئی۔ متعدد شہر کھنڈروں میں تبدیل ہو گئے اور معاشرتی زندگی بکھر گئی۔

عالمی اقتصادی صورتحال کے تناظر میں فیصل آباد سمیت دنیا بھر میں لوگوں کی بہت بڑی تعداد کو خوراک، گیس، بجلی، پانی اور لباس سمیت مختلف مسائل کا سامنا ہے۔ مجبوری کی حالت میں اپنا گھر بار اور وطن چھوڑ کر پناہ کی تلاش میں تارکین وطن کو شدید مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اقوام متحدہ کے فیصلہ کے مطابق سال 2001ء سے لے کر اب تک ہر سال 20 جون پناہ گزینوں کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

جس کا مقصد عام آدمی میں احساس ذمہ داری پیدا کرنا ہے اور ان کی توجہ ان لاکھوں پناہ گزینوں کی طرف مبذول کرانا ہے جو کسی نا کسی مجبوری کی وجہ سے دربدر ہیں۔ عام آدمی میں آگاہی پیدا کرنے کا مقصد اس صورتحال کا سدباب ہے۔ عالمی سطح پر ہونے والی جنگوں، بدامنی، نسلی تعصب، مذہبی کشیدگی، سیاسی تنازعات اور جبر کے باعث دوسرے ممالک کے رحم و کرم پر جلاوطنی کی زندگی بسر کرنے والے تارکین وطن کو اکثر انسانیت سوز سلوک کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے جبکہ بعض ممالک میں ان کو بنیادی انسانی حقوق سے بھی محروم رکھا جاتا ہے۔

ایک اندازہ کے مطابق طارکین وطن کی تعداد 27 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے اور اس میں ہر سال اضافہ ہو رہا ہے جبکہ دوسری جانب تارکین وطن کو پناہ دینے والے ممالک کے لئے بھی ایک بڑا مسئلہ بھی ہے۔ پناہ گزینوں کو درپیش مسائل میں غیر انسانی سلوک، رہائش سے محرومی، خوراک کی کمی اور ظلم و تشدد شامل ہے۔ اس حوالہ سے بین الاقوامی سطح پر کاوشوں کی ضرورت ہے تاکہ ان مسائل کا حل نکالا اور ان کی امداد کی جائے۔ پناہ گزینوں کے عالمی دن کے موقع پر سرکاری و نجی اداروں کے زیر اہتمام مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا اور عام آدمی کو پناہ گزینوں کی مشکلات اور اس حوالہ سے کئے گئے اقدامات سے آگاہی فراہم کی جائے گی۔