سیالکوٹ ایکسپریس ٹرین کے بحال ہونے پر ریلوے سٹیشن سمبڑیال میں لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے،سٹیشن ماسٹر

منگل 17 جون 2025 15:20

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2025ء) وزیرآباد سے براستہ سمبڑیال و سیالکوٹ سے لاہور جانے والی سیالکوٹ ایکسپریس ٹرین کے بحال ہونے پر ریلوے اسٹیشن سمبڑیال میں لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار اسٹیشن ماسٹرپاكستان ریلوے سمبڑیال جاوید اقبال نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیرآباد سے براستہ سمبڑیال و سیالکوٹ سے لاہور جانے والی سیالکوٹ ایکسپریس ٹرین کے بحال ہونے پر ریلوے اسٹیشن سمبڑیال میں لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا اور پہلے دن سمبڑیال سے 15 لوگوں نے اس ٹرین پر سفری ٹکٹس حاصل کیے۔

(جاری ہے)

جاوید اقبال نے بتایا کہ پاکستان ریلوے نے وزیرآباد سے براستہ سمبڑیال جانے والی سیالکوٹ ایکسپریس ٹرین 16 جون2025 سے لاہورسے وزیرآباد ایکسپریس ٹرین کو بحال کردیا ہے، یہ ٹرین لاہورریلوے اسٹیشن سے صبح5بجے روانہ ہو کر دن 10 بجکر50 منٹ پر وزیر آباد پہنچے گی جبکہ وزیرآباد ریلوے اسٹیشن سے شام 4 بجے روانہ ہو کر رات9بجکر50 منٹ پر لاہور پہنچے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ ٹرین پانچ اکانومی کلاس کوچز،ایک ٹی ایل وین اور ایک بریک وین پر مشتمل ہوگی،شاہدرہ باغ،نارنگ،بدو ملہی، نارووال، قلعہ صوبھاسنگھ، پسرور، چونڈا، سیالکوٹ اور سمبڑیال اس کے سٹاپ ہوں گے۔