Live Updates

سود اسلام، پاکستان اور انسانیت کا دشمن ہے، طاہر کھوکھر

پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہے توسودی نظام کا مکمل خاتمہ ناگزیر ہے

منگل 17 جون 2025 16:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2025ء) پاسبان وطن پاکستان کے مرکزی صدر محمد طاہر کھوکھر نے سودی نظام کے خلاف سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سود اسلام پاکستان اور انسانیت کا کھلا دشمن ہے سودی نظام نے ملک کو معاشی غلامی میں دھکیل دیا ہے اور غریب عوام کو معاشی دباؤ تلے کچل کر رکھ دیا ہے قرآن و سنت کی روشنی میں سود کو اللہ اور اس کے رسولؐ سے جنگ قرار دیا گیا ہے مگر بدقسمتی سے آج بھی پاکستان میں معاشی نظام کا بڑا حصہ سود پر مبنی ہے جو نہ صرف اسلامی تعلیمات کے منافی ہے بلکہ ملکی معیشت کو بھی کھوکھلا کر رہا ہے۔

طاہر کھوکھر نے کہا کہ پاسبان وطن پاکستان سودی نظام کے مکمل خاتمے اور بلاسود معیشت کے قیام کے لیے عوامی سطح پر بیداری مہم شروع کرے گی۔

(جاری ہے)

مرکزی صدر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ وفاقی شریعت عدالت کے فیصلے پر فوری عملدرآمد کرے اور تمام مالیاتی اداروں کو بلاسود بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے انہوں نے علمائے کرام، وکلا، صحافیوں اور سول سوسائٹی سے بھی اپیل کی کہ وہ اس اہم دینی و قومی مسئلے پر متحد ہو کر آواز بلند کریں سود کا خاتمہ ہی پاکستان کو معاشی خودمختاری عدل اور خوشحالی کی طرف لے جا سکتا ہے پاکستان ایک اسلامی ریاست ہے جس میں سودی نظام نے عوام کو جکڑ رکھا ہے مہنگائی، غربت اور معاشی بدحالی کی سب سے بڑی وجہ یہی سودی نظام ہے طاہر کھوکھر نے کہا کہ حکمرانوں کو اللہ کے عذاب سے ڈرنا چاہیے کیونکہ سود صرف ایک مالیاتی مسئلہ نہیں بلکہ اللہ اور اس کے رسولؐ سے جنگ ہے قرآن میں واضح طور پر سود کے خلاف حکم موجود ہے اور ایک اسلامی ریاست میں اس کی کوئی گنجائش نہیںسودی نظام پاکستان جیسے نظریاتی اسلامی ملک کے لیے زہر قاتل بن چکا ہے جس نے عوام کو غلامی غربت مہنگائی اور معاشی استحصال کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سود نے نہ صرف دولت کا ارتکاز چند ہاتھوں میں کیا بلکہ غربت کو جنم دیا متوسط طبقے کو ختم کر دیا اور چھوٹے کاروبار کو تباہ کر دیا ہے یہ نظام انسانیت دشمن ہے اس سے معاشرہ بے سکون اور بے رحم ہو چکا ہے پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہے توسودی نظام کا مکمل خاتمہ ناگزیر ہے۔طاہر کھوکھر نے کہا کہ قوم اٹھے ظلم کے اس معاشی شکنجے کو توڑے سودی نظام کے خلاف متحد ہوں اور اپنی آنے والی نسلوں کے لیے ایک صاف عادل اور بلاسود معیشت کی بنیاد رکھیں۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات