عالمی و ملکی بحرانوں کا حل صرف نظام مصطفی ﷺ میں ہے،پیر ارشدکاظمی

منگل 17 جون 2025 22:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2025ء) تحریک اہلسنّت پاکستان کے مرکزی رہنما و چیئرمین رابطہ کمیٹی سندھ پیر سید ارشد علی شاہ کاظمی القادری نے موجودہ عالمی حالات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا اس وقت سیاسی انتشار، جنگی تصادم، مہنگائی اور اخلاقی زوال جیسے بحرانوں سے دوچار ہے، اور ان سب کا اصل حل نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ اور سیرتِ طیبہ کی پیروی میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ مسلمان قیادتیں فرقہ واریت سے بالاتر ہو کر امتِ واحدہ بنیں۔ پاکستان کو بیرونی دباؤ اور اندرونی انتشار سے بچانے کے لیے ہمیں اتحاد، کردار اور عدل پر مبنی ریاستی نظام کی جانب لوٹنا ہو گا، جیسا ہمیں آقا ﷺ نے سکھایا۔پیر ارشد علی شاہ کاظمی نے کہا کہ مہنگائی، بیروزگاری، کرپشن اور صحت کے بگڑتے حالات عوامی برداشت سے باہر ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

اگر حکمران اپنی روش نہ بدلے تو قوم کو ظلم کے خلاف پرامن تحریک کے لیے تیار رہنا چاہیے۔انہوں نے عالمی دنیا سے بھی مطالبہ کیا کہ مشرقِ وسطیٰ میں مظلوموں پر جاری ظلم بند کیا جائے، اور اقوام متحدہ دوہرا معیار ترک کرے۔ فلسطین، کشمیر اور روہنگیا جیسے مظلوم خطوں کو انصاف فراہم کیا جائے۔پیر صاحب نے علماء کرام، دینی اداروں اور تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ دینی بیداری، قومی وحدت اور نوجوان نسل کی اصلاح کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تیار کریں۔تحریک اہلسنت پاکستان عزم کرتی ہے کہ وہ امن، اصلاحِ معاشرہ، اور نظام مصطفیٰ ﷺ کے قیام کے لیے اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھے گی۔