ویتنام کے سفیر کی پارلیمانی سیکرٹری سے ملاقات، دوطرفہ تعاون کے فروغ پر بات چیت

فریقین نے پاکستان ویتنام پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے قیام کو پارلیمانی تعلقات کے فروغ کی جانب مثبت قدم قرار دیا

بدھ 18 جون 2025 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2025ء): سوشلسٹ ریپبلک آف ویتنام کے سفیر فام آن توان نے وزارتِ انسانی حقوق کا دورہ کیا اور پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق و پاکستان ویتنام پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کی کنوینر صباء صادق سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ترونگ وان تھانگ سیکریٹری اول، سفارتخانہ ویتنام اسلام آباد بھی ہمراہ تھے۔

ملاقات میں پاکستان-ویتنام پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے قیام پر بات چیت کی گئی، جسے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعلقات کے فروغ کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا گیا۔ صباء صادق نے کہا کہ یہ گروپ مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اراکین پر مشتمل ہے، جو پارلیمانی سطح پر دوطرفہ ہم آہنگی اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔

(جاری ہے)

صباء صادق نے اس گروپ کو انسانی حقوق، تعلیم، تجارت، سیاحت اور ثقافتی تبادلہ جیسے شعبوں میں تعاون کے فروغ کا ایک اہم پلیٹ فارم قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم قانون سازی کے تجربات کے تبادلے اور جمہوری روایات کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگا۔پاکستان کی خارجہ پالیسی میں آسیان ممالک کے ساتھ روابط کو کلیدی حیثیت حاصل ہے، اور ویتنام، بطور فعال آسیان رکن، پاکستان کے لیے جنوب مشرقی ایشیائی خطے میں سفارتی اور تجارتی شراکت داری کو وسعت دینے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔اس موقع پر پاکستان کی موجودہ معاشی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت معاشی ترقی، علاقائی روابط اور بین الاقوامی شراکت داری کے فروغ کے لیے پٴْرعزم ہے۔صباء صادق نے کہا کہ یہ پارلیمانی فرینڈشپ گروپ صرف ایک علامتی قدم نہیں بلکہ ہمارے عوام اور پارلیمانوں کے درمیان بامقصد روابط اور اعتماد سازی کا ذریعہ ہے۔ ہم اس کے ذریعے ویتنام اور دیگر آسیان ممالک کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔