جناح میڈیکل کمپلیکس پورے خطے کے لئے بہترین طبی سہولیات اور جدید ترین طبی تحقیق کے لئے آلات سے لیس ہسپتال ہو گا،وزیراعظم شہبازشریف

جمعرات 19 جون 2025 11:38

جناح میڈیکل کمپلیکس پورے خطے کے لئے بہترین طبی سہولیات اور جدید ترین ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جناح میڈیکل کمپلیکس پورے خطے کے لئے بہترین طبی سہولیات اور جدید ترین طبی تحقیق کے لئے آلات سے لیس ہسپتال ہو گا،منصوبے کی تعمیر کے تمام مراحل میں سو فیصد شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کی تعمیر سے متعلق بریفنگ دی گئی،وزیراعظم کو بتایا گیا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کے حوالے سے چین، ترکیہ، جنوبی کوریا اور سنگاپور میں روڈ شوز منعقد کئے گئے،ان روڈ شوز میں عالمی شہرت یافتہ کمپنیوں نے جناح میڈیکل کمپلیکس کے حوالے سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا ،جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر کے حوالے سے دو کانفرنسوں کا انعقاد بھی کیا گیا جن میں 10 ممالک کی 33 کمپنیوں نے شرکت کی،جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر کے لئے 600 کنال اراضی کے حصول کا عمل تیزی سے جاری ہے،ماہرین؍کنسلٹنٹس کی تعیناتی کیلئے بین الاقوامی سطح پر اشتہار دیا جا چکا ہے،اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفیٰ کمال، چیئرمین پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

\932