ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی شوریٰ کا اجلاس، بھارتی جارحیت کا جواب دینے پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا گیا

جمعرات 19 جون 2025 19:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2025ء) ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی شوریٰ کراچی کا ماہانہ اجلاس سپیکر ہمدرد شوریٰ جنرل(ر) معین الدین حیدر کی صدارت میں ہوا جبکہ ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی صدر سعدیہ راشد نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس کا موضوع قائداعظم کا قول ’’دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو مٹا نہیں سکتی‘‘ تھا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ظفر اقبال نے کہا کہ بلاشبہ حالیہ پاک بھارت تنازعہ میں افواج پاکستان بالخصوص پاک فضائیہ نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرکے خطے میں اپنا رعب و دبدبہ قائم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زمانہ ِ جدید میں ٹیکنالوجی پر مہارت حاصل کرکے بہت تیزی سے ترقی ممکن ہے تاہم اس کے لیے ہنرمند اور فکری تربیت کی حامل افرادی قوت کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

جسٹس (ر) ضیا پرویز نے کہا کہ مضبوط دفاع کے لیے مضبوط معیشت ناگزیر ہے،اقتصادی طور پر مستحکم ممالک ہی اپنے مفادات کے لیے زیادہ بہتر سفارتکاری کی صلاحیت رکھتے ہیں البتہ ابھی عالمی حالات پاکستان کے لیے نہایت سازگار ہیں، حالیہ جنگ میں کامیابی سے پاکستان کے عالمی وقار میں نمایاں اضافہ ہوا، قائد اعظم کا قول ہمارے قومی جذبے کاعکاس ہے۔

پروفیسر ڈاکٹرحکیم عبدالحنان نے کہاکہ پاکستان کو بیرونی سے زیادہ اندرونی خلفشار سے خطرہ ہے،پاکستان کی دفاعی صلاحیت کی تو دنیا معترف ہوچکی لیکن اب اندرونی امن و امان پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی، بدعنوانی کی روک تھام کے لیے قانون کی عملداری یقینی بنانا ہوگی، قائد اعظم پاکستان کو ایک پُرامن معاشرے کے طور پر دیکھنا چاہتے تھے۔ پروفیسر ڈاکٹر امجد جعفری نے کہاکہ قائد اعظم برطانیہ سے ایک مقدس مشن کو پوراکرنے کے لیے ہندوستان واپس آئے تھے کہ پاکستان بنانا ہے، ڈاکٹر عبدالقدیر خان مرحوم کا ہم پر احسان ہے کہ انہوں نے ملکی دفاع ناقابل تسخیر بنادیا۔

ڈپٹی سپیکر شوریٰ کرنل (ر) مختار احمد بٹ، ڈاکٹر عامر طاسین، پروفیسر ڈاکٹر تنویر خالد، شیخ محمد عثمان دموہی ، رضوان احمد سمیت دیگر شرکاء نے بھی اظہار خیال کیا۔