محکمہ موسمیات کی کل سے 23 جون تک پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی

مرطوب ہوائیں خلیج بنگال اور بحیرہ عرب سے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہونگی

جمعرات 19 جون 2025 22:46

محکمہ موسمیات کی کل سے 23 جون تک پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2025ء)محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں کل ( جمعہ) سے 23 جون تک پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق مرطوب ہوائیں خلیج بنگال اور بحیرہ عرب سے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی، جبکہ مغربی ہوائوں کا ایک سلسلہ 20 جون سے ملک کے بالائی علاقوں پر اثر انداز ہوگا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 20 سے 23 جون کے دوران کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، راولپنڈی، چکوال، اٹک اور جہلم میں بارشیں متوقع ہیں۔اسی طرح میانوالی، سرگودھا، حافظ آباد، منڈی بہائوالدین، گوجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ میں بھی بارش کا امکان ہے، جبکہ نارووال، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، سوات، مالاکنڈ اور بٹگرام میں بھی بارش متوقع ہے۔

(جاری ہے)

20 سے 23 جون کے دوران شانگلہ، کوہستان، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، باجوڑ، مہمند اور خیبر میں بارش کا امکان ہے، جبکہ کرم، کوہاٹ، بنوں، کرک، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔اسی طرح 21 سے 23 جون کے دوران ژوب، بارکھان، موسی خیل، قلات، ڈیرہ غازی خان، ملتان، بہاولپور اور ساہیوال میں بھی بارش متوقع ہے، جب کہ 23 سے 24 جون کے دوران سکھر، لاڑکانہ اور جیکب آباد میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔