کینسر سے بچاؤ کے لیے ہیومن پیپیلوما وائرس (ایچ پی وی) ویکسین مہم کی تیاریوں کا آغاز

جمعرات 19 جون 2025 21:50

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2025ء) حکومتِ سندھ نے سروائیکل کینسر سے بچاؤ کے لیے صوبہ بھر میں ہیومن پیپیلوما وائرس (ایچ پی وی) ویکسین مہم کی تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ مہم ستمبر 2025 میں شروع کی جائے گی، جس کا مقصد 9 سے 14 سال کی عمر کی بچیوں کو اس مہلک لیکن قابلِ بچاؤ بیماری سے محفوظ بنانا ہے۔ جمعرات کو جاری ایک اعلامیہ کے مطابق وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو اور پروگرام ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر راج کمار کی ہدایات پر صوبے بھر میں کیسکیڈ ٹریننگ آف ٹرینرز ورکشاپس کا انعقاد کیا گیا ہے تاکہ ضلعی ٹیمیں مہم کے لیے مکمل طور پر تیار ہو سکیں۔

یہ تربیت ویکسین کی منصوبہ بندی، کولڈ چین، ویکسین کے بعد ممکنہ ردعمل کی تیاری اور کمیونٹی کو متحرک کرنے کے طریقہ کار پر مرکوز ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں حیدرآباد ڈویژن میں منعقدہ دو روزہ تربیتی پروگرام میں ڈپٹی ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر پرویز شیخ، ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر مختیار بھیو، ڈاکٹر سائرہ زیدی (ای پی آئی)، ڈاکٹر رمیش کمار اور ڈاکٹر جمیل (ڈبلیو ایچ او)، سنیل راجہ (یونیسیف)، ڈی ایچ اوز، پی پی ایچ آئی کے نمائندگان، ای پی آئی کے فوکل پرسنز اور دیگر نے شرکت کی۔

یہ مہم عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی ہدایات کے مطابق چلائی جارہی ہے، جس کا مقصد 90 فیصد بچیوں کو 15 سال کی عمر سے پہلے ویکسین دینا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق پاکستان میں ہر سال 5,008 خواتین سروائیکل کینسر میں مبتلا ہوتی ہیں جبکہ 3,197 خواتین اس مرض کے باعث جان کی بازی ہار جاتی ہیں۔ یہ بیماری خواتین کی تولیدی عمر (15 تا 44 سال) میں دوسرا سب سے عام کینسر ہے۔ ایچ پی وی ویکسین صرف ایک خوراک میں مؤثر تحفظ فراہم کرتی ہے۔