Live Updates

اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایران کی مزاحمت قومی عزم اور اتحاد کے ساتھ جاری رہے گی۔ ایرانی سفیر

جمعہ 20 جون 2025 00:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایران کی مزاحمت قومی عزم اور اتحاد کے ساتھ جاری رہے گی۔جمعرات کو ایک نجی نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جارحیت تقریباً ایک ہفتے سے جاری ہے، اور ایران کو اپنے دفاع کا پورا حق حاصل ہے۔

انہوں نے اعادہ کیا کہ ایران ہمیشہ مذاکرات کے لیے تیار رہا ہے، لیکن بامعنی بات چیت کے لیے سازگار ماحول کا ہونا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے، لیکن بات چیت کے لیے ضروری ہے کہ جارحیت بند ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران کو کمزور کرنا اسرائیل کا پرانا خواب رہا ہے، لیکن حالیہ کشیدگی نے ایرانی قوم کو پہلے سے کہیں زیادہ متحد کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایران کے عوام اپنے وطن کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں اور اس کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔حملے کو بلااشتعال اور کھلی جارحیت قرار دیتے ہوئے سفیر نے زور دیا کہ ایرانی عوام کی بھاری اکثریت اپنی حکومت، نظام اور خودمختاری کی مکمل حمایت کرتی ہے۔انہوں نے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے خلاف دی جانے والی دھمکیوں کی شدید مذمت کی اور انہیں ناقابلِ قبول قرار دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کی حفاظت کو یقینی بنانا ہمارا فرض ہے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات