حریت کانفرنس اور ڈیموکریٹک فریڈم فریڈم پارٹی کا طبی بنیادوں پر شبیر شاہ کی فوری رہائی کا مطالبہ

شبیر احمد شاہ کینسر جیسے موذی مرض ،میں مبتلا ہیں لیکن ان کے اہل خانہ کو ہسپتال میں ان کے ساتھ رہنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے

جمعہ 20 جون 2025 14:40

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2025ء)مقبوضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس اورجموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے غیر قانونی طور پر نظر بندعلیل سینئر حریت رہنماء شبیر احمد شاہ کی جلد رہائی کے لیے عالمی برادری سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہا س نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ نئی دلی کی تہاڑ جیل میں غیر قانونی طورپر نظربند شبیر احمد شاہ پروسٹیٹ کینسر میں مبتلا ہیں اور انہیں فوری آپریشن کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ انسانی بنیادوں پر انکی رہائی میں مدد کریں۔ڈی ایف پی کے ترجمان ایڈوکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںپارٹی چیئرمین کی تیزی سے گرتی ہو ئی صحت پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے افسوس ظاہرکیا کہ بھارتی عدلیہ نے شبیر شاہ کو علاج معالجے کیلئے ضمانت دینے سے انکار کر دیاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شبیر احمد شاہ کینسر جیسے موذی مرض ،میں مبتلا ہیں لیکن ان کے اہل خانہ کو ہسپتال میں ان کے ساتھ رہنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔ارشد اقبال نے اس اقدام کو بنیادی انسانی حقوق کی صریحا خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کو بھارتی حکومت کے ساتھ اٹھائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ مشکل کی اس گھڑی میں شبیر شاہ کی دیکھ بھال کیلئے ان کے اہلخانہ ان کے ساتھ ہوں ۔

ادھر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے قائم مقام چیئرمین محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں جیل میں غیر قانونی نظربندی کے دوران شبیر شاہ کی حالت زار پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ قیدیوں کوعلاج معالجے کی مناسب سہولت کی عدم فراہمی بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی اورانکی زندگ کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے ۔

محمود ساغر نے کہا کہ ایک طرف بھارتی جیل حکام نے شبیر شاہ کی بگڑتی ہوئی صحت کو مجرمانہ طور پر نظر انداز کررکھا ہے جبکہ دوسری طرف بھارتی عدلیہ نے ان کے اہلخانہ کی جانب سے طبی بنیادوں پر انکی رہائی کی بار بار کی درخواستوں کومستردکردیاہے ۔انسانی ہمدردی کی بنیاد پر شبیر شاہ کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے،انہوں نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ نظربند حریت رہنماء کو علاج معالجے کی ضروری سہولیات کی فراہمی کیلئے بھارت پردبائو بڑھائیں۔