بنگلہ دیش-چین-پاکستان سہ فریقی میکنزم کا چین کے شہر کنمنگ میں افتتاحی اجلاس

جمعہ 20 جون 2025 14:50

کنمنگ/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) بنگلہ دیش-چین-پاکستان سہ فریقی میکنزم کا چین کے صوبہ یونان کے شہر کنمنگ میں افتتاحی اجلاس منعقد ہوا۔ جمعہ کو دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں چین کے نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ، بنگلہ دیش کے قائم مقام سیکرٹری خارجہ روح العالم صدیقی اور پاکستان کے ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ عمران احمد صدیقی نے شرکت کی۔

پاکستان کی سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کے پہلے مرحلے میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں سیکرٹری خارجہ سفیر آمنہ نے سہ فریقی میکانزم کا افتتاحی اجلاس بلانے پر چین کی تعریف کی۔ سیکرٹری خارجہ نے عوامی ترقی کے لیے تینوں فریقوں کی مشترکہ خواہشات کا ذکر کرتے ہوئے چین اور جنوبی ایشیائی ممالک کے درمیان گہرے روابط کی پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

دوطرفہ تعلقات کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ نے تجارت اور سرمایہ کاری، زراعت، ڈیجیٹل معیشت، ماحولیات کے تحفظ، میرین سائنسز، گرین انفراسٹرکچر، ثقافت، تعلیم اور عوام سے عوام کے تبادلوں میں تعلقات کو بڑھانے کے لیے چین اور بنگلہ دیش کے ساتھ کام کرنے کے لیے پاکستان کی تیاری سے آگاہ کیا۔ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سہ فریقی تعاون کی راہنمائی کھلے پن، جامعیت، اچھی ہمسائیگی، باہمی احترام اور اعتماد کے اصولوں سے کی جائے گی اور کامیابی کے تعاون کی سمت کام کیا جائے گا۔ تینوں فریقوں نے ملاقات کے دوران طے پانے والے مفاہمت کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام پر بھی اتفاق کیا۔