مقبوضہ کشمیر، کپواڑہ میں 127سرکاری سکول بجلی کی سہولت سے محروم

جمعہ 20 جون 2025 17:50

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرکے ضلع کپواڑہ میں 127سرکاری سکول بجلی کی بنیادی سہولت سے مسلسل محروم ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سرکاری اعداد و شمارمیں مقبوضہ کشمیر میں تعلیمی نظام کی مخدو ش حالت پیش کی گئی ہے۔مقبوضہ علاقے کے سینکڑوں سکول پینے کے صاف پانی ، بجلی اور لائبری کی بنیادی سہولتوں سے مسلسل محروم ہیں ۔

(جاری ہے)

صرف ضلع کپواڑہ میں 127سرکاری سکول بجلی کی سہولت سے محروم ہیں اور طلباءشدید گرمی میں بغیر پنکھے اورلائٹ کے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں ۔ کپواڑہ ہی کے 142اسکولوں میں پینے کا صاف پانی بھی دستیاب نہیں ہے جبکہ ایک ہزار 226سکولوں میں لائبری کی سہولت موجود نہیں ہے ۔ مقامی لوگوں اورماہرین تعلیم نے مقبوضہ علاقے میں سکولوں کی حالت زار سے متعلق قابض انتظامیہ کی طرف سے پیش کئے اعدادوشمار پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ کشمیری عوام کو پسماندہ رکھنے کیلئے جموں وکشمیرمیں تعلیمی نظا م کو مسلسل نظرانداز کیاجارہاہے ۔