اتحاد بین المسلمین کانفرنس کا انعقاد، عاشورہ محرم الحرام پر بھائی چارے کی فضا قائم رکھنے کا عزم

ہفتہ 21 جون 2025 17:26

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2025ء) اتحاد بین المسلمین کمیٹی کا پلیٹ فارم عاشورہ محرم الحرام پر بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کیلئے متحرک ہوگیا۔ کمیٹی میں شامل تمام علماء و مشائخ نے عاشورہ کے دوران ڈویژنل انتظامیہ و پولیس سے بھرپور تعاون کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے شرپسند عناصر کے مذموم مقاصد ناکام بنانے کیلئے مل کر چلنے پر اتفاق کیا ہے۔

ڈویژنل انتظامیہ فیصل آباد کی زیر سرپرستی اتحاد بین المسلمین کانفرنس کا انعقاد کیا گیاجس کی صدارت سابق صوبائی خطیب محکمہ اوقاف علامہ مفتی محمد اسحاق ساقی نے کی جبکہ وفد میں ان کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور پنجاب خالد محمود سندھو،صوبائی خطیب اوقاف پنجاب مولانا مختار ندیم،مولانا ارشد عابدی،مفتی ڈاکٹر محمد یونس رضوری،مفتی لیاقت علی رضوی، مفتی ضیاء مدنی،علامہ طاہرالحسن،مولانا ریاض احمد کھرل،مولانا سکندر حیات ذکی اور مولانا شبیر احمد عثمانی تھے جبکہ سی پی او صاحبزادہ بلال عمر،اے ڈی سی جی کیپٹن(ر)محمد طیب سمیع،ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

مفتی محمد اسحاق ساقی کا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھاکہ معاشرہ میں قیام امن کیلئے اتحاد بین المسلمین وقت کی اہم ضرورت ہے۔تمام مسالک کے جید علماء کرام پنجاب بھر کے دورے کرکے امن کمیٹیوں،ڈویژنل ضلعی انتظامہ سے میٹنگز کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ہم سب کو پاکستان کے لئے اتحاد کی ضرورت ہے۔تمام علماء کرام اور مشائخ عظام امن کیلئے حکومت پنجاب کے دست و بازو ہیں۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دیگر علماء کرام اور مشائخ عظام کا کہنا تھاکہ محرم الحرام پر تمام مکاتب فکر کے علماء اور انتظامیہ ایک پیج پر ہیں۔پاکستان کی سا لمیت کیلئے ضروری ہے کہ تمام مکاتب فکر کے علماء دنیا کو پیغام دیں کہ ہم سب متحد ہیں۔ کانفرنس میں فیصل آباد ڈویژن سے تعلق رکھنے والے علماء کرام و مشائخ ڈاکٹر افتخار حسین نقوی،مولانا حمید الدین، مولانا عبدالحی، مفتی نصیر الدین، مولانا زاہد انور، مسعود الحق،حاجی محمد رضا شاہ،مولانا محمد نعیم سمیت دیگر نے بھی شرکت کی اور تعاون کا یقین دلایا۔