این ای وی پالیسی 30-2025 تاریخی اور انقلابی قدم ثابت ہوگی،ملک خدا بخش

پالیسی سے میاں شہبازشریف کے وژن کے صاف، پائیدار اور سستی ٹرانسپورٹ کو فروغ ملے گا،کنوینرانرجی کمیٹی

ہفتہ 21 جون 2025 22:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2025ء) کنوینرایف پی سی سی آئی انرجی کمیٹی، صدر پاکستان بزنس فورم (کرچی چیپٹر)،چیئرمین وسی ای او ملک گروپ ملک خدا بخش نے حکومت پاکستان کی جانب سے جاری کی گئی نیشنل الیکٹرک وہیکل (این ای وی) پالیسی 30-2025 پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار، ہارون اختر خا ن کی پیش کردہ اس پالیسی کو پاکستان کے صنعتی، ماحولیاتی اور توانائی کے شعبوں میں اصلاحات کی جانب ایک تاریخی اور انقلابی قدم قرار دیاہے۔

ملک خدا بخش نے کہا کہ نئی الیکٹرک وہیکل پالیسی وزیراعظم میاں شہبازشریف کے اس وژن کے عین مطابق ہے جس سیصاف، پائیدار اور سستی ٹرانسپورٹ کو فروغ ملے گا ساتھ ہی مقامی صنعت کی حوصلہ افزائی اور ماحول کا تحفظ بھی ہوسکے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس پالیسی کے تحت 2030 تک پاکستان میں فروخت ہونے والی 30 فیصد نئی گاڑیاں الیکٹرک کا سرکاری ہدف بھی پورا ہوسکے گا جبکہ پالیسی کے نتیجے میں سالانہ 2.07 ارب لیٹر ایندھن کی بچت ہوگی، جو کہ تقریباً 1 ارب ڈالر کے زرمبادلہ کی بچت کے مترادف ہوگی۔

ملک خدا بخش نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیںکہ اس پالیسی کے ذریعے کاربن کے اخراج میں سالانہ 45 لاکھ ٹن کمی آئے گی اور صحت سے متعلق اخراجات میں ہر سال 405 ملین ڈالر کی بچت ہوسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ حکومت کی جانب سے متعین کردہ سبسیڈی کا 25 فیصد خواتین کے لیے مختص کیا جانا خواتین کو محفوظ، سستی اور ماحول دوست سفری سہولت مہیا کرسکے گا تاہم اس کے لئے شفافیت یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے اس بات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا کہ پالیسی میں موٹرویز پر 40 نئے الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز نصب کرنے کا منصوبہ بھی شامل کیا گیا ہے، جن کے درمیان اوسط فاصلہ 105 کلومیٹر ہوگا جبکہ پالیسی میں بیٹری سوئپنگ سسٹمز، ویہیکل ٹو گرڈ (وی ٹو جی) اسکیمز، اور شہری علاقوں میں الیکٹرک گاڑیوں کو فروغ دینے کیلئے نئے بلڈنگ کوڈز میں لازمی چارجنگ پوائنٹس کی شمولیت بھی شامل ہے۔

ملک خدا بخش نے کہا کہ پالیسی کے ذریعہ مقامی مینوفیکچرنگ کو مراعات دی جائیں تاکہ پرزہ جات مکمل طور سے پاکستان میں تیار ہوسکیں،حکومت چھوٹے اور درمیانے درجے کے اداروں (ایس ایم ایز) کے لیے بھی خصوصی پیکیج متعارف کرائے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پالیسی صاف توانائی، پائیدار ٹرانسپورٹ اور صنعتی ترقی کی جانب ایک ایک قدم ہوگی ۔ ملک خدا بخش نے کہا کہ نئی سرمایہ کاری کیلئے حکومت مزید مواقع فراہم کرے کیونکہ بیرون ممالک سے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہیں مگر انہیں وہ سہولیات میسر نہیں جس کی اشد ضرورت ہے، حکومت سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولیات مہیا کرے۔

ملک خدا بخش نے کہا ہے کہ کراچی سمیت ملک بھر میں ای وی چارجنگ اسٹیشن لگانے کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اورجلد ہی ملک بھر میں ای وی چارجنگ اسٹیشن لگائے جائیں گے جس کیلئے ہم نے چائنا کی کمپنی معاہدہ پر دستخط کرلئے ہیں ای وی اسٹیشن کے قیام سے گاڑیوں میںتوانائی کی بہتر فراہمی ممکن ہوسکے گی۔ ملک خدا بخش نے مزید بتایا کہ موٹروے، نواب شاہ، ہالا، سکھر، حیدرآباد سمیت سندھ اور دیگر صوبوںکے شہروں کے سی این جی اسٹیشنز مالکان نے ایک وی چارجنگ اسٹیشنز لگانے کیلئے ہم سے رابطے کیا ہے اور جلد ہی مزید کئی معاہدے ہونگے۔