Live Updates

ل*زرعی آمدن پر 200 فیصد ٹیکس اضافہ کسان دشمنی کی بدترین مثال ہی: محمد سرور چوہدری

ہفتہ 21 جون 2025 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جون2025ء) مرکزی مسلم لیگ پنجاب کے صدر محمد سرور چوہدری نے حکومت پنجاب کی جانب سے زرعی آمدن پر ٹیکس میں 200 فیصد اضافے کو ''کسان دشمنی کی بدترین مثال'' قرار دیتے ہوئے اس فیصلے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ 2024-25 میں زرعی شعبے پر بے جا مالی بوجھ ڈال کر حکومت نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ زمینی حقائق اور کسانوں کی مشکلات سے نابلد ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے نئے مالی سال کے بجٹ میں زرعی آمدن پر ٹیکس کا ہدف ساڑھے 10 ارب روپے مقرر کیا ہے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تین گنا زیادہ ہے۔ ''یہ اقدام نہ صرف معاشی زیادتی ہے بلکہ زرعی معیشت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔'' محمد سرور چوہدری نے مزید کہا کہ ملک میں کسان کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے، کسان برادری کے ساتھ ہونے والی زیادتی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اب مرکزی مسلم لیگ حکمرانوں کے اس ظلم پر خاموش نہیں بیٹھے گی بلکہ ہر فورم پر کسانوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ زراعت ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اگر آج کسان خوشحال ہوگا تو پاکستان خوشحال ہوگا۔ آج پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے کسانوں کے جائز حقوق کو پورا کرنا ہوگا، ورنہ یہ پالیسیاں نہ صرف کسانوں بلکہ ملک کی معیشت کو بھی تباہی کی طرف لے جائیں گی۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات